حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی پاکستان میں ملی یکجہتی کونسل اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے یومِ نکبہ کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے 77ویں سال کی یاد میں قابض صیہونی ریاست کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
نکبہ کا مطلب عربی میں "تباہی" ہے، جس سے مراد 1948 میں ناجائز ریاست "اسرائیل" کے قیام کے دوران ایک اندازے کے مطابق 700,000 فلسطینیوں کی جبری بے دخلی ہے۔
ریلی میں کراچی کے ہزاروں شہریوں نے شرکت کی اور اسرائیل کے ناجائز قبضے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

مظاہرے کی قیادت ملی یکجہتی کونسل کے صدر اسد اللہ بھٹو اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا تھا۔
ریلی کی بعض شرکاء کے ہاتھوں میں علامتی چابیاں تھیں، جو بے گھر فلسطینیوں کے اپنے وطن کے دعوے کی نمائندگی کرتی تھیں۔
ریلی کے مقررین نے غزہ میں جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو روزانہ نکبہ (تباہی) کا سامنا ہے، جبکہ دنیا خاموش ہے۔
انہوں نے غاصب اسرائیل کی حمایت کرنے پر امریکی پالیسیوں پر بھی کڑی تنقید کی اور مسلم رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ تعلقات کو معمول پر لانے کے بجائے "صیہونی ریاست" سے تمام تعلقات منقطع کر لیں۔

مقررین نے زور دے کر کہا کہ "غاصب اسرائیل" پاکستان کا نظریاتی دشمن ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنا پاکستان اور قائداعظم کے نظریے سے واضح انحراف ہے۔
ریلی کے خطباء نے ان نام نہاد پاکستانی شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جو اسرائیل کا سفر کرتے ہیں یا فلسطین کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کو مجروح کرنے والے بیانات دیتے ہیں۔
ملی یکجہتی کونسل اور فلسطین فاؤنڈیشن نے فلسطین کی حمایت میں ملک گیر پروگراموں کے ساتھ 7 مئی سے 16 مئی تک 10 روزہ نکبہ منانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے فلسطین میں جاری امریکہ اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف 16 مئی کو یومِ سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور غاصب اسرائیلی ریاست کے خلاف شدید غم و غصّے کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ