اتوار 30 نومبر 2025 - 10:05
مقبوضہ فلسطین سے فرار کی لہر تیز؛ پرتگالی سفارتخانے کے باہر ہزاروں صیہونیوں کی طویل قطاریں

حوزہ/ تل ابیب میں ہزاروں صیہونی یورپی شہریت کے حصول کے لئے اسرائیل چھوڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس وجہ سے پرتگالی سفارتخانے کے باہر ہزاروں صیہونی طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں عدم تحفظ، اقتصادی بدحالی اور مستقبل سے شدید مایوسی کے باعث صیہونیوں کی بیرونِ ملک فرار کی خواہش تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ عبری میڈیا نے ہفتے کے روز پرتگال کے سفارت خانے کے باہر اسرائیلی شہریوں کی غیرمعمولی اور طویل قطاروں کی تازہ تصاویر جاری کی ہیں، جن میں ہزاروں صیہونی نئے پاسپورٹ، شناختی کارڈ یا شہریت سے متعلق دستاویزات حاصل کرنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے نظر آتے ہیں۔

صیہونی اخبار یدیعوت آحارونوت (Yedioth Ahronoth) کے مطابق، کئی افراد صبح سے قطار میں کھڑے تھے جبکہ بہت سے لوگ قطار کی لمبائی دیکھ کر ہی واپس لوٹ گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پرتگالی اور دیگر یورپی پاسپورٹ کے لیے درخواستوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، کیونکہ یورپی شہریت حاملین کو یورپی یونین میں آزادانہ نقل و حرکت، تعلیم اور ملازمت کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اسرائیل میں بڑھتے سیاسی بحران، معاشی دباؤ اور مستقبل کے بارے میں گہری تشویش کی وجہ سے بیرونِ ملک ہجرت کی درخواستوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور یہ رجحان اسرائیلی معاشرے کے اندر بے اعتمادی کی نشان دہی کرتا ہے۔

صیہونی مصنف نیر کووینز نے بھی اس صورتِ حال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرتگالی سفارت خانے کے سامنے ہزاروں شہریوں کی قطاریں اس بات کا ثبوت ہیں کہ “اسرائیل کی سب سے اہم رگ سے خون بہہ رہا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ یہ صرف حکومتی تنازعات، فوجی بحرانوں یا 7 اکتوبر سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کا مسئلہ نہیں، بلکہ اس مرتبہ شہری—بالخصوص پڑھے لکھے نوجوان—اپنے مستقبل کو اسرائیل کی سرزمین پر محفوظ نہیں سمجھتے۔

کووینز کے مطابق، ماضی میں قطاریں زیادہ تر شہریوں کی جانب سے اپنے نواسوں کو پرتگالی شہریت میں شامل کرانے کے لیے ہوتی تھیں، مگر اس بار یہ قطاریں بہت لمبی ہو گئی ہیں، جو ایک “نئے اور خطرناک مرحلے” کی علامت ہے۔

اسرائیل کے مرکزی ادارۂ شماریات کے تازہ اعداد و شمار بھی اسی رجحان کی تصدیق کرتے ہیں، جن کے مطابق سالِ نوِ عبری 2024 سے لے کر 2025 تک تقریباً 79 ہزار صیہونی اسرائیل چھوڑ کر بیرونِ ملک منتقل ہو چکے ہیں—جو گزشتہ دس سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha