۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
علی سجادی

حوزہ/ 16مئی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا ہے کہ فرعون صفت امریکہ اور اسرائیل پوری دنیا میں ظلم و ستم کے سرغنے ہیں، لیکن شرافت کا لبادہ اوڑھے دنیا کو فریب میں رکھے ہوئے ہیں۔ بات صلح کی کرتے ہیں، درحقیقت خطے کو جنگ میں چاہتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن علی سجادی نے 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل کی مناسبت سے جاری کردہ پریس بیان میں کہا کہ اے ایس او پاکستان ہر سال شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کے حکم پر 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل بھرپور انداز میں مناتی ہے۔

انہوں نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ امسال بھی سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی سیرت کو اپناتے ہوئے اصغری جواں ظالم و جابر قوتوں، امریکہ و اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہونگے۔ صہیونی ریاست اسرائیل کا وجود 15 مئی 1948ء کو رکھا گیا اور امریکہ نے 16 مئی 1948ء کو اس غیر قانونی ریاست کو تسلیم کیا۔ جس نے اپنی ناجائز پیدائش کے آغاز سے ہی اپنی بنیاد، واضح تشدد پر رکھی۔ ان کا مقصد ہی قتل و غارت، دوسروں کو اذیّت پہنچانا اور فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کرنا ہے۔ برطانیہ، فرانس اور امریکہ، اسرائیل کو وجود میں لائے، لیکن بعض عرب ممالک اور ترکی اس وقت دنیا کی ظالم و جابر قوتوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں اور اپنی نابودی اور بربادی کے راستے پر گامزن ہیں۔ قرآن مجید میں اللّٰہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ظالموں کا ساتھ دینے والوں کا انجام نابودی اور تباہی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ فرعون صفت امریکہ اور اسرائیل پوری دنیا میں ظلم و ستم کے سرغنے ہیں، لیکن شرافت کا لبادہ اوڑھے دنیا کو فریب میں رکھے ہوئے ہیں۔ بات صلح کی کرتے ہیں، درحقیقت خطے کو جنگ میں چاہتے ہیں۔ اس لئے ہم مردہ باد امریکہ و مردہ باد اسرائیل کہتے ہیں تو اس کا مطلب ظلم و بربریت، دہشتگردی، قتل و غارت، غیر قانونی قبضہ، بنیادی حقوق کی پامالی، تکبر و ہٹ دھرمی، اسلام مخالف قوتیں، مظلوم اقوام پر ناجائز تسلط اور ان کی تحقیر مردہ باد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین کئی دہائیوں سے دنیا کے ناپاک ترین اور خبیث ترین انسانوں کے قبضے میں ہے، لیکن دشمن صیہونی حکومت کا زوال شروع ہوچکا ہے۔ اس وقت امریکہ سیاسی، معاشرتی، اخلاقی اور معاشی زوال کا شکار ہے۔ ان شاء اللّٰہ جلد ہم انسانیت دشمن، امریکہ و اسرائیل کے زوال کا مشاہدہ کریں گے۔ جب تک یہ ظالم امریکی حکمران اور اسرائیل کا ناجائز وجود موجود ہے، مصیبتیں اور بدامنی دنیا میں باقی رہے گی، کیونکہ دنیا کے کئی ممالک میں امریکہ نے جنگ و جدل کی آگ لگائی ہوئی ہے۔

مزید کہا کہ پوری دنیا بالخصوص اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ امریکہ کی ظالمانہ پالسیوں اور اقدامات کے خلاف متحد ہو کر مقابلہ کریں اور اپنی اپنی قوم کو ذلت و رسوائی سے نجات دلوائیں۔ قائد پاکستان محمد علی جناح نے روز اول سے اسرائیل کے قیام کی کھل کر مخالفت کی، ایک تقریر میں انہوں نے کہا: "امریکی اور برطانوی حکومتیں کان کھول کر سن لیں، پاکستان کا بچہ بچہ اور تمام اسلامی دنیا اپنی جانیں دے کر ان سے ٹکرا جائیں گے اور فرعونی دماغ کو پاش پاش کر دیں گے۔

اے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان بھی قائد اعظم کی اس فکر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تمام اسلامی ممالک اور دیگر ممالک پر فلسطینیوں کا ساتھ دینے کیلئے آمادہ کرے اور جن اسلامی ممالک نے اسرائیل سے کسی بھی قسم کے تعلقات قائم کئے ہیں، ان تعلقات کو فوری ختم کرنے اور اسرائیل کا سوشل بائیکاٹ کرنے کیلئے زور ڈالے۔

آخر میں کہا کہ 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل کے موقعے پر شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے تمام مؤمنین اپنوں گھروں سے نکلیں اور ظالم قوتوں امریکہ و اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہو کر ان سے اظہارِ بیزاری کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .