۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
علامہ حافظ ریاض حسین نجفی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ مسلم ممالک یکے بعد دیگرے اسرائیل کو تسلیم کرکے غیرت کو داؤ پر لگا چکے ہیں۔ ایران، سعودی عرب کی دوستی مسلمانوں کے لئے آب حیات کی حیثیت رکھتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے افسوس کا اظہارکیا ہے کہ فلسطینی عوام سے ان کی سرزمین چھین کر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تشکیل دیا گیا۔ مگر ابھی تک وہ اپنی سرزمین کو آزاد نہیں کرواسکے۔ عالمی ادارے اور خود مسلم ممالک بے بس نظر آتے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قراردیا تھا ۔مسلمان 57 ملک ہیں لیکن ذلیل و خوار اور بے عزت ہورہے ہیں۔ باعث شرم بات ہے کہ یکے بعد دیگرے اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں۔ اور اپنی غیرت کو داؤ پر لگا چکے ہیں۔یہ سارے اسرائیل کے سامنے جھکے جا رہے ہیں۔ یہ سب اس لئے ہے کہ اللہ کی بجائے ہم نے دوسروں کو اپنا مالک اور حاکم سمجھ لیا ہے۔

جامع مسجد علی جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے پاکستان میں منعقد ہونے والی یوم القدس ریلیوں میں اہل سنت برادران کی شرکت کو سراہا ، مگر افسوس کا اظہار کیا کہ یوم القدس ریلیوں کی میزبان شیعہ تنظیمیں مختلف ٹولیوں کی شکل میں احتجاج کرتی ہیں ۔اس کا اثر بہت کم ہوتا ہے۔ لیکن اگر یہ تنظیمیں مل کر 20 یا 30 ہزار کی صورت میں احتجاج ریکارڈ کروائیں تو عالمی برادری اور حکومت پر بھی اچھااثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے دو بڑے اسلامی ممالک ایران اور سعودی عرب کی دوستی کروا کر اچھا کام کیا ہے، یہ دوستی مسلمانوں کے لئے آب حیات کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس دو طرفہ معاہدہ اور دوستی کے سبب یمن، شام، بحرین اور عراق کے حالات ٹھیک ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی لوگ اللہ تعالیٰ کے فرامین کی بجاآوری کی بجائے امریکہ کے فرمان پر چلتے ہیں۔ ایران نے ہمیں گیس دینا چاہی ، پائپ لائن ہمارے ملک کے اندر تک بچھانا چاہتے تھے لیکن امریکہ کے ڈر سے کہیں وہ ناراض نہ ہو جائے مملکت کے مفاد پر امریکہ کے مفاد کو ترجیح دی اور اپنی عوام کے لئے مزید مشکلات کا اضافہ کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .