حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین (ع) انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت (ع) محرابپور سندھ کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس، مرکزی صدر محترم عاشق حسین سھتو صاحب کی زیرِ صدارت، بتاریخ 26 اپریل 2025 بروز ہفتہ کو مسجد امام زین العابدین (ع) میں منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت مولانا نجم الحسن کراروی صاحب نے حاصل کی۔ بعد ازاں حمد باری تعالیٰ سجاد حسین ساجدی صاحب نے پیش کی۔
مرکزی صدر محترم عاشق حسین سھتو صاحب نے افتتاحی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کے ایجنڈے کی وضاحت فرمائی۔ اجلاس میں ادارے کے مجلس عاملہ کے یونٹس، عہدیداران، مرکزی کابینہ، اور شعبہ محبین کابینہ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔
مولانا نجم الحسن کراروی صاحب اور سہیل احمد شیخ (رکن مجلس نظارت) نے خصوصی شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ایاز علی خاکی نے یونٹس اور مرکزی سالانہ پروگرام برائے سال 2025-26 پیش کیا، جسے تمام موجود اراکین نے اکثریت کے ساتھ منظور کرلیا۔
زیرِ ایجنڈا نکات:
اراکین مجلس نظارت کے ناموں کی تجویز اور منظوری
مرکزی کابینہ کی توثیق
سالانہ پروگرام کی منظوری
مرکزی صدر محترم عاشق حسین سھتو صاحب نے خطاب میں تمام اراکین، یونٹس اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا کہ ادارے کی سرگرمیوں کی کامیابی آپ تمام احباب کے تعاون سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر رکن پورے سال ادارے کے ساتھ منسلک رہے اور معاشرتی اصلاح اور امام زمانہ (عجل) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے میں فعال کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی خدمت کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ عمل امام زمانہ (عجل) کی نصرت اور خداوند متعال کی رضا کے حصول کا ذریعہ ہونا چاہئے۔
اجلاس کا اختتام دعائے امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ الشریف) پر ہوا۔









آپ کا تبصرہ