اتوار 28 دسمبر 2025 - 19:37
امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ محرابپور کا مرکزی مجلسِ عاملہ اجلاس، تعلیمی و تربیتی کارکردگی کا جائزہ

حوزہ/ امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیتؑ، محرابپور سندھ کا مرکزی مجلسِ عاملہ اجلاس ۲۰۲۵ مرکزی صدر برادر عاشق حسین سھتو کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ادارے کی مرکزی آٹھ ماہہ کارکردگی اور یونٹس کی تعلیمی، تربیتی، تبلیغی اور تنظیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلِ بیتؑ، محرابپور سندھ کا مرکزی مجلسِ عاملہ اجلاس ۲۰۲۵ مرکزی صدر برادر عاشق حسین سھتو کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز مولانا نجم الحسن کراروی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد برادر فرحان علی صاحب نے حمد و نعت پیش کی۔

مکمل تصاویر دیکھیں:

امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ محرابپور کا مرکزی مجلسِ عاملہ اجلاس

اجلاس میں انسٹیٹیوٹ کی مرکزی آٹھ ماہہ کارکردگی رپورٹ کے ساتھ مختلف یونٹس کی تفصیلی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کی گئیں، جن میں تعلیمی، تربیتی، تبلیغی اور تنظیمی سرگرمیوں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ سال ۲۰۲۵ کی مرکزی کارکردگی رپورٹ ایاز علی خاکی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے پیش کی، جس پر شرکائے اجلاس نے سوالات کیے اور مثبت و تعمیری تجاویز کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔

اجلاس میں مجلسِ نظارت کے سیکریٹری جنرل سہیل احمد مطہری نے خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مرکز اور یونٹس کی مجموعی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج اجتماعی محنت، خلوص اور نظم و ضبط کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ شعبۂ تعلیم و تربیت کو مزید مضبوط کیا جائے، تاکہ یونٹس کی سطح پر قرآن فہمی، سیرتِ اہلِ بیتؑ اور فکری تربیت کو مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکے اور ایک باعمل، بااخلاق اور باکردار نوجوان نسل تیار ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے درسی، تقریری اور فکری مقابلوں کے باقاعدہ انعقاد کی بھی تجویز پیش کی۔

مرکزی صدر عاشق حسین سھتو نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام یونٹس، مجلسِ نظارت کے سیکریٹری جنرل سہیل احمد مطہری اور مولانا نجم الحسن کراروی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور یونٹس کی آٹھ ماہہ کارکردگی اس بات کی عکاس ہے کہ ادارہ درست سمت میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے آئندہ بھی تعلیمی، تربیتی، فکری اور اصلاحی پروگراموں کا سلسلہ پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha