حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت (ع) محرابپور، سندھ کا چوتھا سالانہ مرکزی مجلسِ عمومی اجلاس مسجد امام زین العابدین (ع) محرابپور، پاکستان میں منعقد ہوا، جس میں برادر محترم عاشق حسین سھتو کو سال 2025-26 کے لئے ادارے کا مرکزی صدر منتخب کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ آف تعلیماتِ قرآن و اہلبیت (ع) محرابپور، سندھ کی مجلسِ عمومی کا سالانہ اجلاس 2 اپریل 2025 کو مسجد امام زین العابدین (ع) میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن اور حدیثِ کساء سے ہوا، جس کی سعادت مولانا نجم الحسن کراروی صاحب نے حاصل کی۔ مرکزی صدر برادر امجد علی عابدی نے افتتاحی کلمات ادا کیے اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد ادارے کی سال 2024-25 کی کارکردگی رپورٹ مرکزی جنرل سیکریٹری برادر ایاز علی خاکی نے پیش کی۔ اس کے بعد موجودہ مرکزی صدر برادر امجد علی عابدی نے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
پروگرام کے دوران بہترین یونٹس کی کارکردگی پر ادارے کی جانب سے فعال مرکزی کابینہ اور یونٹس کو حسنِ کارکردگی شیلڈ سے نوازا گیا۔
اجلاس میں اکثریتی رائے سے برادر عاشق حسین سھتو کو سال 2025-26 کے لئے مرکزی صدر منتخب کیا گیا۔ حجت الاسلام و المسلمین مولانا امداد حسین شجاعی نے نو منتخب صدر سے حلف لیا۔
نو منتخب صدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "میں تمام شرکاء، خصوصاً یونٹس، معزز مہمان علماء کرام اور اراکینِ مجلسِ نظارت کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ یقیناً آج کے دور میں دینی اداروں میں خدمات انجام دینا ایک غیرمعمولی عمل ہے، بلکہ میری نظر میں یہ ایک بڑی سعادت اور خدائی عطا ہے۔ خدا کے فضل و کرم سے جب مجھے اس ادارے کی صدارت کا شرف حاصل ہوا ہے تو اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے میں بارگاہِ رب العزت میں توفیق کا طلبگار ہوں۔"
انہوں نے مزید کہا: "اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے میں علماء کرام، طلباء عظام، کارکنان اور مؤمنین کرام کے تعاون کا خواہاں ہوں۔ ادارہ شہرِ محرابپور میں آئین کے مطابق مختلف مساجد، قرآن و دینیات سینٹرز کے ذریعے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ جس طرح یومِ عاشور کے دوران نمازِ جماعت، حسینی بلڈ کیمپ، فری کمپیوٹر کلاسز، تعلیم و تربیت کے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے، ان شاء اللہ آئندہ ادارے کی وسعت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ایسے پروگرامز منعقد ہوں گے جو نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت اور خودسازی میں مددگار ثابت ہوں تاکہ امامِ زمانہ (عج) کی راہ ہموار ہو اور ہم ان کے لشکر میں شامل ہو سکیں۔"
اپنی بات کے اختتام پر انہوں نے کہا: "میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے، میں اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں اس ذمہ داری کی ادائیگی میں صرف کروں گا اور ادارے کے دستور العمل و اغراض و مقاصد کی حفاظت کو اپنا اولین فرض سمجھوں گا۔"
آپ کا تبصرہ