حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈویژن حیدرآباد کی جانب سے 28 مارچ 2023ء کو شیخ ایاز آڈیٹوریئم سندھ یونیورسٹی جامشورو میں تعلیمی سمینار منعقد کیا گیا۔ جس سے انجینئر سید حسین موسوی، ڈاکٹر منور علی، ڈاکٹر بھائی خان اور مرکزی صدر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان عاطف مہدی سیال نے خطاب کیا۔
تصاویر دیکھیں:
رپورٹ کے مطابق سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر سید حسین موسوی کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی کمیونٹی "انڈسٹری کمیونٹی" ہے اور سندھ کا معاشرہ اس وقت تک جاگیرداری نظام میں پھنسا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سندھ کے لوگ دنیا سے کٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: اس وقت یونیورسٹیز پاس آؤٹ ہونے والے اسٹوڈنٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ یونیورسٹی کے بعد نوکری کے بجائے خود ایک چھوٹی سے انڈسٹری اور آہستہ آہستہ ایک بڑی انڈسٹری تک کا سفر طے کریں۔ ہمارے نوجوان اکثر نوکری لینا ہی پسند کرتے ہیں حالانکہ کسی بھی قوم نے نوکروں سے ترقی حاصل نہیں کی ہے۔ اس لیے سندھ کی ترقی کا واحد راستہ اس وقت انڈسٹری ہے اور یہ آپ جوانوں نے کرنا ہے۔
ڈاکٹر منور علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت انسان کی زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس لیے ایک شاگرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وقت کی قدر کرے اور اپنے اوقات کو شیڈول کے تحت منظم انداز میں گزارے۔
ڈاکٹر بھائی خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں منظم ہوکر اپنے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے اور دشمن کوئی ہم سے دور نہیں۔ دشمن موبائل اور سوشل میڈیا وغیرہ کے ذریعہ 24 گھنٹے ہمارے ساتھ اور بہت ہی منظم انداز سے ہم پر کام کر رہا ہے۔ اس موبائل اور سوشل میڈیا کے استعمال کے فائدے بھی بہت ہیں تو وہیں پر نقصانات بھی بہت زیادہ ہیں۔ ہمیں ان امور سے آگاہ رہنا ضروری ہے۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عاطف مہدی سیال نے آخر میں سمینار کے تمام شرکاء، مہمانان گرامی اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس وطن عزیز پاکستان کی آزادی کے بعد پہلی شیعہ اسٹوڈنٹس تنظیم ہے جو 1967ء میں اسی سرزمین سندھ یونیورسٹی جامشورو میں وجود میں آئی تھی اور الحمداللہ آج بھی اپنے مقصد کو لے کر اپنی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔
سمینار میں اے ایس او سرپرست کونسل کے معزز رکن سید شکیل حسین الحسینی، اصغریہ تحریک کے مرکزی صدر شہزاد رضا، اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی جنرل سیکریٹری ذوالقرنین حیدر مفکری سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ اور شاگردوں نے بھرپور شرکت کی۔