حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری معمر نقوی نے شہادت امام علی کے موقع پر کہا کہ آپ کی سیرت طیبہ تمام انسانوں کیلئے درس کی حیثیت رکھتی ہے۔ حضرت علی علیہ السّلام غریبوں اور فقیروں کے مدد گار تھے، حضرت علی علیہ السّلام یتیموں کے باپ ہیں اور رات کی تاریکی میں ان کیلئے کھانا لے کر جاتے تھے یہ عمل معاشرے کے حکمرانوں کیلئے ایک بہت بڑا درس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او ماہ رمضان کا تیسرا عشرہ قرآن و القدس کے نام سے منائے گی۔ تعلیمات قرآن کے حوالے سے سیمینار اور شب بیداریوں کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔
معمر نقوی نے مظلومین کی حمایت اور ظالمین کی مخالفت درس علوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او امسال بھی لاکھوں حامیان فلسطین کی طرح مظلومین فلسطین کی داد رسی اور اسرائیل کیخلاف امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے فرمان کے مطابق صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے ماہ رمضان کے آخری جمعہ 23 رمضان المبارک کو یوم القدس ملی جوش و جذبہ کے تحت منائے گی، پاکستان میں سب سے بڑی القدس کراچی اور لاہور میں نکالی جائے گی جس سے مرکزی صدر حسن عارف و مرکزی عہدیدران خطاب کریں گے۔