۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
تہران میں ڈاکٹر محمد علی نقوی کی یاد میں تقریب

حوزہ/ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کتاب کے مصنف، ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر نقوی آج کے نوجوان کے لیے متقی، محنتی اور کامیاب طالب علم کے طور پر ایک مثال ہیں، شہید کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، اس کا مطلب ہے کہ شہید بھی آج تک زندہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں کانون دانشجویان اردو زبان کے زیراہتمام ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی کی مناسبت سے دفتر رہبری شعبہ اسٹوڈنٹس میں کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں تہران کی مختلف یونیورسٹیوں کے اسٹوڈنٹس برادران و خواہران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ کانفرنس میں تلاوت کلام پاک کی سعادت سید حسن ابرار کاظمی نے حاصل کی۔

اسکے بعد افتتاحی کلمات کانون دانشجویان اردو زبان کے مسئول سید حسن رضا نقوی نے ادا کیے۔انکا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے شیعہ قوم بالخصوص جوانوں و اسٹوڈنٹس کو بیدار کرکے ان میں انقلابی روح پھونکی اور پاکستان میں آئینے کی طرح شفاف انداز میں انقلاب ِ اسلامی کا تعارف کروایا اسی وجہ سے انکو سفیرِ انقلاب کہا جاتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ایک ایسی شخصیت ہیں جن کو انسان آئیڈیل قرار دے سکتا ہے۔ افتتاحی کلمات کے بعد شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی حیات و خدمات پر ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اہلبیت یونیورسٹی کے طالب علم اسد عباس نے ترانہ شہادت پڑھا۔ کانفرنس سے ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کے فرزند ڈاکٹر دانش نقوی، حجت الاسلام مولانا ڈاکٹر میثم ہمدانی اور ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر دانش عباس نقوی نے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر شہید ایک مثالی طالب علم تھے اور زندگی بھر تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں رہے، آج کے طالب علموں کے لیے ڈاکٹر شہید آج بھی آئیڈیل ہیں۔ مولانا میثم ہمدانی نے ڈاکٹر راشد عباس نقوی کی کتاب ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی آئیڈیالوجی، ویژن اور حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک ایسا گواہ ہے کہ جو ہمیشہ کے لیے شاہد ہے، ڈاکٹر محمد علی نقوی کی آئیڈیالوجی، نظریہ، ویژن ، فکر اور حکمت عملی درحقیقت خط ِ امام خمینی ہے۔ مولانا میثم ہمدانی نے کہا کہ اس کتاب کے مصنف خود ڈاکٹر محمد علی نقوی کے رفیق ہیں، کتاب میں درج واقعات کے خود شاہد ہیں اور تحقیق کے اصول کے مطابق براہِ راست راوی ہیں۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کتاب کے مصنف، ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کے ساتھی اور سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر نقوی آج کے نوجوان کے لیے متقی، محنتی اور کامیاب طالب علم کے طور پر ایک مثال ہیں، شہید کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، اس کا مطلب ہے کہ شہید بھی آج تک زندہ ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ شہید کی زندگی کو نصب العین کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے زندگی گزاریں۔ پروگرام کے آخر میں مذکورہ کتاب کی رونمائی کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .