۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
بہشت زہراء قم المقدس میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور دیگر شہداء ملت کی عظیم الشان برسی

حوزہ/ برسی میں شہید ڈاکٹر کے فرزند ارجمند جناب دانش نقوی اور ‏شہید کی دختر گرامی نے شہید کے مشن کو مصمم ارادے کے ساتھ آگے بڑھانے کا عزم کیا اور برسی میں شریک خواتین کو کردار زینبی ادا کرتے ہوئے شہداء کے اہداف کو آغوش سے معاشرے تک پہنچانے کی تلقین کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی رح کی 27 ویں برسی کی مناسبت سے قم ‏میں عظیم الشان عوامی اجتماع منعقد ہوا۔ جشن سید الشہدا ہمراہ شہدا کے عنوان سے یہ عوامی اجتماع قم میں شہداء کی ‏بارگاہ "بہشت معصومہ" میں منعقد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ اجتماع میں ‏پاکستان میں دہشت گردوں اور سامراجی طاقتوں کے ہاتھوں راہ حق کے شہدا اور شہدائے مدافع حرم کے خانوادگان کو ‏خصوصی دعوت دی گئی تھی۔ شہدائے مدافع حرم کے جوار میں منعقدہ شہدا کی یاد میں جشن امام حسین ع میں بچوں ‏کیلئے خصوصی پینٹنگز، شہداء کی تصاویر پر مشتمل غبارے، کھیل کا سامان، سانحہ پشاور میں شہید بچوں کے ساتھ ‏اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی ٹیبل اور سانحہ پشاور کے حوالے سے خصوصی احتجاجی بینر نصب کیا گیا تھا جس پر ‏بچوں نے اپنے ہاتھ کے نشان سے تجدید عہد کیا۔

جشن سید الشہدا ہمراہ شہدا میں شہید مدافع حرم کے والد، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی رح کے فرزند ڈاکٹر دانش علی اور ‏شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی رح کی دختر گرامی نے خصوصی خطابات کئے اور شہید کے مشن کو مصمم ارادے کے ساتھ آگے بڑھانے کا عزم کیا اور برسی میں شریک خواتین کو کردار زینبی ادا کرتے ہوئے شہداء کے اہداف کو آغوش سے معاشرے تک پہنچانے کی تلقین کی۔

اس پروگرام میں مختلف قصیدہ خوانوں نے ‏مختلف زبانوں میں جن میں فارسی، اردو، پشتو اور دوسری زبانیں شامل تھیں بارگاہ اھلبیت ع اور شہداء کے حضور نذرانہ ‏عقیدت پیش کئے۔ جشن سید الشہدا میں عالمی شہرت یافتہ برادر سبطین غلام حسین نے اہلبیت کی شان میں اور شہید ڈاکٹر ‏محمد علی نقوی کی یاد میں خصوصی اشعار پڑھے۔ بین الاقوامی ینگ گروپس آل یسین اور بینات نے بہترین انداز میں ‏شہدا کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس عظیم الشان اجتماع میں ایک سو سے زائد خانوادہ شہدا کو یادگاری شیلڈز اور شہداء کی تصاویر سے مزین پکچر فریم ‏دیئے گئے۔ شہداء کے خانوادگان کو انعامات کے اہداء کی تقریب میں آیت اللہ صمام الدین قوامی، حجت الاسلام سبزواری، ‏دختر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی خانم زہرا نقوی اور رفیق شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی برادر ڈاکٹر سید راشد عباس نقوی ‏نے شرکت کی۔ پروگرام کیلئے خصوصی اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر بین الاقوامی شہداء کی تصاویر موجود تھیں جس ‏میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی، شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شہید سید عباس موسوی، شہید الحکیم، یمن کے شہداء ‏اور دیگر عظیم شہدا شامل تھے۔ ان شہداء کی تصاویر کے ساتھ ساتھ حضرت امام خمینی قدس سرہ اور آیت اللہ العظمی امام ‏خامنہ ای مدظلہ العالی کی تمثال مبارک بھی موجود تھی۔

پروگرام کے اختتام پر آیت اللہ صمام الدین قوامی نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ آپ نے ‏شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کو امام زمان عج کے بین الاقوامی انقلاب کے راستے کا سپاہی قرار دیا۔ آپ نے کہا کہ یہ عظیم ‏شہید محمد و علی کی سیرت کا راہی جس کا نام بھی محمد علی ہے، آپ نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی رح کی زندگی کے ‏بارے میں لکھی گئی کتاب جس کا فارسی ترجمہ ھمسفر نور کے نام سے شائع ہوا ہے، اس کے مطالعہ کی تاکید کی۔ یہ ‏کتاب رفیق شہید ڈاکٹر سید راشد عباس نقوی نے تالیف کی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .