۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
لاہور میں سالانہ شہداء فیسٹیول کا انعقاد

حوزہ/ شہداء فیسٹیول ان شہداء سے تجدید عہد کرنے اور نصرت امام زمانہ (عج) کا علم بلند کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تیسرا سالانہ شہداء فیسٹیول اپنے شان و شوکت سے فردوسیہ قبرستان فیروز پور روڈ، لاہور میں منعقد ہوا۔ قبرستان کی فضا معنوی و روحانی سرگرمیوں سے معطر تھی۔ جس میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور عاشقان شہداء کو افکار و آثار شہداء سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر خیمہ قرآن کتاب نجات، خیمہ شہدائے ملت جعفریہ پاکستان، خیمہ کنیزان زہراء و طفلان مکتب، خیمہ شہدائے مدافعان وطن (افواج پاکستان و اے پی ایس) و جنت البقیع اور خیمہ مدافعان ولایت کا اہتمام کیا گیا۔

علاوہ ازیں بچوں کیلئے موثر سرگرمیوں کیلئے کڈز کارنر کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ہر خیمہ نے اپنے منفرد انداز میں شہداء کی خدمات و زحمات اور جانبازی پر خراج تحسین پیش کیا۔اس فیسٹیول کا ایک ہدف سالِ نو کو یاد شہداء کیساتھ آغاز کرنا بھی تھا۔ جو کہ’’نیو ایئر وِد شہداء‘‘ کے شعار سے منعقد ہوا۔ کئی شہداء کے خانوادگان نے اس فیسٹیول میں شرکت کی، جن کا بھرپور اور شاندار استقبال کیا گیا۔ فرزند شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی حسین الحسینی، فرزند شہید ڈاکٹر سید محمد علی نقوی سلمان نقوی و دختر شہید ڈاکٹر خانم سیدہ زہراء نقوی، دختر شہید استاد سبط جعفر، والدین شہید عمار نقوی، والدین شہید یاسر سمیت کئی شہداء کے خانوادگان شامل تھے۔

ان کے علاوہ مختلف تنظیمی شخصیات، علماء، اکابرین نے بھی شرکت کی۔ جس میں علامہ اکبر کاظمی، ، ڈاکٹر مولانا سید علی عباس نقوی، مرکزی صدر آئی ایس او حسن عارف مولانا سید اسد نقوی، مولانا جعفر علی و دیگر عمائدین ملت شامل تھے۔

پروگرام میں امامیہ اسکاؤٹس نے شہداء اور خانوادگان شہداء کو سلامی پیش کی، جس کے بعد معروف نوحہ خواں علی صفدر رجوی اور اختتام پر احمد ناصری نے منقبت خوانی کی،اس فیسٹیول میں کئی ادارے انتظامی تعاون فراہم کر رہے تھے۔ جن میں ادارہ التنزیل پاکستان، شہید فاؤنڈیشن، ادارہ جماران لاہور، مجلس وحدت مسلمین پاکستان، آئی ایس او (طالبات)، جامعہ بعثت، خواجگان ہوتے فورم اور دستہ ابو طالب شامل تھے۔

علاوہ ازیں لاہور بھر کے قرآنی سینٹرز اور مدارس کے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پرانتقال کرنے والے اسکاوٹ محمد عاطف نواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

تمام اداروں اور پلیٹ فارمز نے مشترکہ طور پر جغرافیائی تعصب سے بالا تر ہو کر ان تمام شہداء کے نظریات و افکار کا احیاء کیا جو اپنے لہو کے آخری قطرے تک الہٰی اہداف تک رسائی کیلئے سرگرم عمل رہے اور امام زمانہ(عج) کے ظہور کی زمینہ سازی کرتے ہوئے اپنی جان تک قربان کر دی۔شہداء فیسٹیول ان شہداء سے تجدید عہد کرنے اور نصرت امام زمانہ (عج) کا علم بلند کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

عاشقان شہداء نے کثیر تعداد میں اپنی فیملیز اور بچوں کے ہمراہ شرکت کی اور شہداء کی معرفت کے وسیلے امام زمانہ (عج) کی حمایت و نصرت کا پرچم نسل نو کو منتقل کرنے کا عزم کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .