۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
اصغریہ

حوزه/ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان امام خمینی رح کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کا اعلان کرتی ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری ذوالقرنین حیدر مفکری نے عالمی یوم القدس کے حوالے سے 06 اپریل2023ء کو حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رح کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے تنظیم ماہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کا اعلان کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تجارتی معاہدے کو پاکستانی عوام مسترد کرتی ہے، پاکستانی حکومت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے کو پیچھے چھوڑ آئی ہے، لیکن پاکستانی عوام آج بھی بانی پاکستان کے نظریے کے ساتھ کھڑی ہے، بانی پاکستان نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جیسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرئے گا۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جو کہ فلسطین کی سرزمین پر واقع ہے اور اس وقت اسرائیل کے قبضے میں ہے بیت المقدس کا مسئلہ فقط سیاسی نہیں، بلکہ یہ دینی مسئلہ ہے امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا "کربلا، بیت المقدس کی مٹی سے ہے، یعنی کہ یہ ایک دینی تحریک ہے، لہذا اس تحریک میں جان ڈالنے اور اس تحریک کو مضبوط بنانے کے لیے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے ماہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے اندر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے مسئلہ بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھا ہوا ہے، رواں سال اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ماہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع یعنی 23 رمضان المبارک 14 اپریل 2023ء کو امام خمینی رح کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے یوم القدس منانے کا اعلان کرتی ہے۔

برادر ذوالقرنین نے مزید کہا کہ اس سال کے عالمی یوم القدس کے حوالے سے اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے عوام میں آگاہی کے لیے مہم چلائی جائے گی، اسی سلسلے میں سندھ بھر میں پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پورے سندھ کے اندر تنظیم کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ مرکزی ریلی حیدرٓباد میں ہوگی جس سے مرکزی قیادت خطاب کرے گی اور کراچی میں نکلنے والی مرکزی ریلی کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مسئلہ فلسطین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی حقیقت، حیثیت اور مقصد کو معاشرے میں عام کرنے کے لیے تنظیم کی جانب سے مختلف اضلاع اور ڈویژنز میں القدس سیمینارز منعقد کئے جائیں گے تاکہ ہم بیت المقدس کی حقیقت اور مقصد کو سمجھ سکیں۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی رہنما نے القدس ایک دینی تحریک؟ کے عنوان سے کہا کہ اسے عوام تک پہنچانے کے لیے تنظیم کی جانب سے کتاب پبلش کروائی گئی ہے جیسے مؤمنین کرام میں تقسیم کی جائے گی، تاکہ ہم سب مل کر بیت المقدس کے مسئلے کو سمجھا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں یوم القدس کے موقع پر پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی شعور بیدار کرنےکے لئے تشہیری مہم چلائی جارہی ہے جب کہ سندھ بھر میں پینا فیلکس، پوسٹرز نصب کئے گئے ہیں جس میں فسلطین پہ مظالم اور اسرائیلی جارحیت کو عوام الناس کو دیکھا کر انہیں فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے کے لئے آمادہ کیا جارہا ہے جس سے عالمی سطح پر دباﺅ بڑھایا جائےگا کہ مسلم حکمران بیدار ہوکر فلسطین سمیت مسلم دنیا میں ہونے والے مظالم کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کریں۔

آخر میں، اس پریس کانفرنس کے ذریعے مندرجہ ذیل مطالبات کئے گئے:

پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز بلند کریں۔

اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

حکومت پاکستان ایک اسلامی ملک ہونے کی حیثیت سے اس یوم القدس کے دن کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کرے۔

پریس کانفرنس میں علی رضا (مرکزی تعلیم و تربیت سیکریٹری) اور میثم رضا (ڈویژنل تعلیم و تربیت سیکریٹری) مرکزی جنرل سیکریٹری کے ہمراہ موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .