۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
اسرائیل

حوزہ/ مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے جعلی صہیونی ریاست پر راکٹوں کی بارش سے آئرن ڈوم سسٹم فیل ہوگیا ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینیوں کے ناحق خون پر کھڑی کر دی گئی غاصب صہیونی ریاست، امریکی استکبار اور یورپی استعمار کی تمام تر حمایت کے باوجود اپنے آغاز سے ہی داخلی بحرانوں اور خلفشار کا شکار ہونے کے ساتھ فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں رسوا ہوتی آرہی ہے۔

واضح رہے کہ چین کی کامیاب ثالثی کے ذریعے تہران اور ریاض کے درمیان طے پانے والے معاہدے اور ایران روس، ترکیہ اور شام کی باہمی بیٹھک نے جعلی صہیونی ریاست پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔

گویا بقول رہبر معظم انقلاب سید علی خامنہ ای کے: ہم نے اس جعلی اور غاصب ریاست کے 25 سال کے اندر خاتمے کی پیشنگوئی کی تھی، لیکن انہوں نے خود جلدی کی اور فوری خاتمے کے خواہاں ہیں۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، ماہ رمضان المبارک میں مسجد الاقصیٰ میں معتکفین نمازیوں پر غاصب اسرائیلی فورسز نے وحشیانہ حملہ کر کے نہتے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے جواب میں فلسطینی مقاومت نے صہیونی بستیوں پر غزہ سے 20 راکٹ جبکہ جنوبی لبنان سے دس منٹ کے اندر ایک سو راکٹ داغے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ جعلی صہیونی رجیم کا دفاعی نظام (آئرن ڈوم) مقاومتی بلاک کے ابتدائی درجے کے راکٹ حملوں کو بھی نہیں روک سکا، جس سے اعلیٰ عسکری ٹیکنالوجی کے دعوے کرنے والے کاغذی شیر کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

واضح رہے کہ تجزیہ کاروں کے مطابق، مغربی ایشیاء کے منظرنامے کی تیزی سے بدلتی جدلیات نے جہاں امریکہ اور یورپ کو عسکری اور معاشی میدان میں شکست سے دوچار کر دیا ہے وہیں غاصب اسرائیل کو بھی نابودی کے موڑ پر لا کھڑا کر دیا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے شام پر فضائی حملوں کے جواب میں مقاومتی بلاک نے اس جعلی ریاست کو گھیر کر مارنے کی عسکری حکمت عملی کا آغاز غزہ اور جنوبی لبنان سے راکٹوں کی سوغات بھیج کر کیا ہے۔ جس سے صہیونی "مکڑی کے جالے" میں شدید بھونچال بپا ہو گیا ہے جس کی بازگشت امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیانات میں بھی سنائی دینے لگی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .