حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعه نقویہ سنہسہ ضلع کوٹلی کشمیر پاکستان میں اسلام شناسی کے موضوع پر سمر کورسز کا آغاز ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ان کورسز میں، حوزات علمیه نجف و قم کے علمائے کرام نوجوانوں کی تربیت و تعلیم میں مصروف عمل ہیں۔نوجوانوں کو قرآن و اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے اہم ترین موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں عقائد اہلبیت، احکام اھلبیت ع، سیرت اہلبیت، اخلاق اہلبیت اور تجوید قرآن سمیت درس معرفت امام زمانہ عج کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
جوانوں کی بڑی تعداد اسلام شناسی کورس میں حصہ لے رہی ہے جس میں بڑی تعداد میٹرک، انٹر اور گریجویشن کے طلباء کی ہے۔
کشمیر ڈویژن بھر سے جوان جامعہ نقویہ سنہسہ میں اپنی علمی پیاس کو بجھا رہے ہیں۔اسلام شناسی کورس اور جامعه نقویہ کی انتظامیہ مل کر بہترین انداز سے طلباء کرام کی مادی و معنوی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
اس موقع پر جامعه نقویہ سنہسہ کے پرنسپل سید قمر نقوی صاحب نے علمائے نجف و قم کا جامعه نقویہ میں آ کر تبلیغات کے لیے عملی اقدام اٹھانا خوش آئند قرار دیا ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ والدین جنہوں نے موسم گرما کی چھٹیوں میں اپنی اولاد کو اسلام شناسی کورس کے لیے بھیجا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور دین سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس پرآشوب اور مصروف ترین دور میں خود کو دین کے لیے وقف کرنا بہت حوصلہ افزاء بات ہے آج جب ہر طرف فتنہ فساد کا دور دورا ہے ایسے میں قرآن و اہلبیت علیہم السّلام سے مربوط ہو کر ہی معاشرے کو بے راہ روی سے بچایا جا سکتا ہے اور اپنی آخرت کو بھی سنوارا جا سکتا ہے۔
جامعه کے استاد آغا نواز الحسینی صاحب بعد از ظہرین وعظ و نصیحت فرماتے ہیں جسمیں نظم و ضبط اسلام شناسی کی خاطر زیادہ سے زیادہ محنت پر زور دیتے ہیں اور ان کے ساتھ آقائے واصب کاظمی صاحب تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اسلام شناسی کورس کے علمائے کرام میں آقائے جواد یعسوبی نجفی، آقائے سید علی رضوی نجفی، آقائے مجاھد دامانی قمی، آقائے دانیال یعسوبی نجفی اور آقائے حافظ سید ذہین علی نجفی شامل ہیں جنہوں نے اس کورس کو آرگنائز کرنے میں شب و روز محنت کی، خداوند کریم سب کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے۔
معاشرے میں امن و ترقی کے لیے قرآن و اہلبیت علیہم السّلام سے تمسک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں عملی طور پر دین کو رائج کر کے خداوند عالم کو راضی کرتے ہوئے ابدی نجات حاصل کریں۔
جامعہ نقویہ سنہسہ میں ہونے والے اسلام شناسی کورس کی اختتامی تقریب 8 ذی الحجہ کو جامعہ نقویہ میں منعقد ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سلسلے میں دوسرا اسلام شناسی کورس عید الضحیٰ کے بعد مظفرآباد کشمیر میں منعقد ہوگا۔