۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
معصومین سے توسل

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین مدرسی نے کہا: معصومین علیہم السلام کی زندگیوں کا دورانیہ بہت کم تھا لیکن ان کی زندگیوں کا لمحہ لمحہ اور ان کا کردار و گفتار ہم انسانوں کے لئے نمونہ ہے اور ان پر عمل ہماری دنیوی اور اخروی خوش بختی کا ضامن ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین مدرسی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ماہ ربیع الاول ایک طرف تو اہلبیت علیہم السلام کے لیے خوشی و مسرت کا مہینہ ہے لیکن اس مہینے میں امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت بھی ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مہینے میں امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرامین پر زیادہ توجہ دی جائے۔

انہوں نے امام حسن عسکری علیہ السلام کے فرامین میں بیان ہوئی خالق اور مخلوق سے تواضع اور انکساری پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: جو شخص اپنے دینی بھائی سے انکساری سے پیش آئے تو خداوند عالم کے نزدیک اس کا شمار سچے اور پاکیزہ انسانوں میں ہوگا۔

حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے خطیب نے کہا: مخلوق سے تواضع اور انکساری کے ساتھ ساتھ انسان کو اپنے خالق سے بھی تواضع اور انکساری کا اظہار کرنا چاہئے اور اس کے اہم ترین مصادیق میں سے نماز قائم کرنا اور اوامر الہی کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین مدرسی نے کہا: جس شخص نے اہل بیت سے محبت نہ کی بلکہ ان کی ہتک حرمت کی تو وہ ارادہ خداوندی سے نابود ہوا اور اپنے مذموم اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ وہ واصل جہنم ہوگا اور اس دنیا میں اس کے آثار بھی باقی نہ رہیں گے۔ آج متوکل اور معتضد کی قبر پر کوئی نہیں جاتا جبکہ اھلبیت علیھم السلام کا نام، ان کی یاد اور ان کے آثار تا ابد باقی ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .