۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
حرم

حوزہ/حضرت امام علی رضا علیہ السلام ،حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا اور حضرت شاہ عبد العظیم علیہ السلام کے روضوں کے متولیوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے زائرین کے لئے ان مقامات مقدسہ کو عارضی طو ر پر بند کئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام علی رضا علیہ السلام، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا اور حضرت شاہ عبد العظیم علیہ السلام کے روضوں کے متولیوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے زائرین کے لئے ان مقامات مقدسہ کو عارضی طو ر پر بند کئے جانے اور ان روضوں کے زائرین کی خدمت وقتی طور پر نہ ہوپانے کی بابت ایران کے مومن اور باشرف عوام سے معافی طلب کی ہے ۔

مشترکہ بیان کا متن کچھ اس طرح ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

’’یا مَن تُحَلُّ به عُقَدُ المَکارِه‘‘

اے وہ جس کی مدد سے مشکلات کی گرہیں کھل جاتی ہیں ؛

اے ایران اسلامی کی مومن او رباشرف قوم کہ جس کے دلوں کی گہرائیوں میں اہلبیت عصمت و طہار ت علیھم السلام کی محبت و عقیدت ہمیشہ موجزن تھی اور آج بھی پوری طرح موجزن ہے ۔

ایک ایسے وقت جب موسم سرما کے آخری ایام اور موسم بہار کی آمد کےدن ہیں ایران اور پوری دنیا ایک سخت ابتلا اور آزمائش سے دوچار ہے لیکن بلاشبہہ خداو ندعالم پر توکل ، باہمی تعاون اور صبر و حوصلہ کے ساتھ اس بیماری اور بلا پر قابو پایاجاسکتا ہے اور دوبارہ سلامتی و نعمت کی بہار سے مصائب وآلام کا خاتمہ اور ماحول کو مسرت و شادمانی کے نغمے میں غرق اور خوشیوں سے سرشار کیا جاسکتا ہے ۔

قدیم الایام سے متعدد نسلیں اہلبیت اطہار علیہم السلام کی محبت و عقیدت کے سائے میں ماہ رجب و شعبان کے بابرکت ایّام کے علاوہ عید نوروز کے دنوں میں ان مقدس مقامات پر حاضر ہوتی تھیں اور ان نورانی ہستیوں کے بابرکت وجود سے فیض حاصل کرتی تھیں ۔

گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ثامن الحجج حضرت علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام،کریمہ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا اور حضرت شاہ عبد العظیم علیہ السلام کےمقدس روضوں میں نئے ایرانی سال کے آغاز کی مناسبت سے مختلف مذہبی ،روحانی،تبلیغی اور اسلامی فن و ہنر کے پروگرامو ں کی تیاری کی گئي تھی تاکہ رجب و شعبان جیسے بابرکت مہینوں اورنئے ایرانی سال کی مناسبت سے ان مقامات مقدسہ پر حاضری دینے والے محبان و عاشقان اہلبیت علیہم السلام ان پروگراموں سے مستفید ہوسکیں ۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور عوامی اجتماعات کے نتیجے میں کرونا وائرس کے سنگین خطرات سامنے آنے کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارشات اور ہدایات کی وجہ سے کچھ دنوں سے ان مقامات مقدسہ میں ہر طرح کے اجتماعی مذہبی اور معنوی پروگراموں کو بند کردیا گیا تھا اور اب جبکہ کرو نا کا خطرہ ایران اور پوری دنیا میں مزید تیزی کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے تو ٹوٹے ہوئے دلوں اور رنجور و ملول قلوب کے ساتھ عارضی طور پر ان روضوں ميں داخلے پر پابندی کا سخت فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اس لئے ہم بے پناہ حزن و اندوہ کے ساتھ اہلبیت اطہار علیہم السلام کی بارگاہ میں معافی کے طلبگار ہیں کہ ان ذوات مقدسہ کے زائرین کی کچھ دنوں کے لئے ان مقدس مقامات میں خدمت و پذیرائي نہيں کرسکیں گے ۔

ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے قومی ادارے اور دیگر میڈیا وسائل اور چینلوں کے ذریعے سبھی محبان اہلبیت اطہار علیھم السلام کے لئے حضرت ثامن الحجج(ع)،حضرت معصومہ(س) اور حضرت عبد العظیم کے مقدس روضوں کی دور سےبراہ راست زیارت کا بندو بست کیا گیا ہے۔

آخر میں بارگاہ ربوبیت میں نہایت عاجزی وانکساری کے ساتھ انوار ہدایت سے توسل کرتے ہوئے ایران اور پوری دنیا کے تمام مریضوں کی شفایابی اور بلاؤں سے نجات کے لئے دعا گو ہیں اور تمام مرحومین خاص طور پر اس راہ میں خدمت کرنے والے شہداء کے لئے خدا کی خاص رحمت و مغفرت کی دعا کے ساتھ ان کے لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور مدافعان سلامت کی توفیقات خیر میں اضافہ کے لئے دعا کرتے ہيں ۔

امید کرتے ہیں کہ جلد از جلد مقدس مزارات سے فیض یاب ہونے کے اسباب فراہم ہو سکیں گے جیسا کہ امام سجاد علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’ذَلَّتْ لِقُدْرَتِک الصِّعَابُ، وَ تَسَبَّبَتْ بِلُطْفِک الْأَسْبَابُ‘‘
احمد مروی : متولی آستان قدس رضوی علیہ السلام ۔ سید محمد سعیدی : متولی آستانہ مقدسہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا ۔ محمد محمدی ری شہری :متولی آستان مقدس حضرت عبد العظیم علیہ السلام ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .