۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حدیث اہلبیت علیھم السلام

حوزہ/ حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین میر معینی نے کہا: اس دنیا میں بشریت کے لئے خداوندعالم کی سب سے بڑی نعمت ولایت ہے کہ انسان کے دل میں محبت اہلبیت علیہم السلام را سخ ہو جانے کے بعد اس کے اعمال میں الہی صفات کا پرتو نظر آتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین میر معینی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں زائرین کے ایک اجتماع سے خطاب میں جہان ہستی کی عظمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: خداوندعالم نے اس خوبصورت اور حسین جہان کو خلق کیا اور اس کائنات کی مخلوقات میں انسان نامی ایک مخلوق کو خلق کیا جو اشرف المخلوقات ہے اور اس جہان میں جو کچھ ہے اسے اس انسان کے اختیار میں دے دیا ۔

انہوں نے مزید کہا: انسان دو طرح کے ہیں: کچھ انسان مقام و منصب اور شہرت حاصل کرنے کے پیچھے ہیں وہ اپنے آپ کو برتر سمجھتے ہیں اور خواہشات نفس کے غلام ہیں یہ لوگ طاقت اور ثروت حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہیں۔ دنیا کی ظاہری رنگینیوں نے انہیں اپنا فریفتہ کر رکھا ہے اور ان کی سب کوششیں دنیاوی امور کے گرد گھومتی ہیں ۔

حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: اس دنیا میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جن کی پوری کوشش یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے آپ کو نہ دیکھیں بلکہ صرف خدا کو مدنظر رکھیں۔ ان کے تمام اعمال خداوند متعال کی خوشنودی حاصل کرنے اور کمال تک پہنچنے کے لئے ہوتے ہیں۔

حجۃالاسلام معینی نے کہا :توحید اور یکتا پرستی کی معرفت حاصل کرنے کے لئے خداوندعالم کی طرف سے مختلف احکامات صادر ہوئے ہیں کہ ان میں سے ایک انسان کے درون میں محبت و الفت کا وجود ہے لہذا محبت کے اس سرمائے کو ایسی جگہ صرف ہونا چاہیے جو انسان کو کمال کی طرف لے جائے ۔یہ محبت بہت قیمتی گوہر ہے جو خدا نے انسان کو عطا کیا ہے۔

 انہوں نے کہا: محبت کو ایک سرمایہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے امر سے متعلق ہونا چاہیے جو انسان کے لئے نمو اور پیشرفت کا باعث ہو اور انسان کیلئے بندگی کا راستہ ہموار کرکے اسے خدا کی طرف جانے کی رہنمائی کرے۔

 دینی علوم کے اس استاد نے کہا: اس دنیا میں انسان کے محبوب اہل بیت علیھم السلام ہونے چاہئیں۔ انسان کو اہلبیت علیہم السلام کے ذریعے کمال مطلوب تک پہنچنا چاہیے چونکہ ان کے بغیر گمراہی اور انحراف کے سوا کچھ نہیں ہے۔

حجۃالاسلام میر معینی نے کہا: اگر انسان محبوب اہلبیت علیھم السلام ہو تو نہ صرف اجر رسالت ادا ہوگا بلکہ انسان کے کمال تک پہنچنے کی راہ بھی ہموار ہوگی اور اگر انسان کے دل میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت راسخ ہو جائے تو اس میں عالم ملکوت کی طرف پرواز کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے۔

حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے آخر میں کہا: اس کائنات میں بشریت کے لیئے خدا کی سب سے بڑی نعمت ولایت ہے اور انسان اپنے دل میں محبت اہلبیت علیھم السلام کو جگہ دے کر اپنے اعمال میں صفات الہی کا پرتو دیکھتا ہے اور یہ بات یاد رہے کہ دل میں محبت اہلبیت علیہم السلام پیدا کرنے اور اسے باقی رکھنے کا واحد راستہ گناہوں سے دوری ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .