۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح

حوزہ/روس میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔ روس کے علاقے چیچنیا میں 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش والی مسجد کا افتتاح چیچنیا کے سربراہ رمضان قدیروف نے کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔ روس کے علاقے چیچنیا میں 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش والی مسجد کا افتتاح چیچنیا کے سربراہ رمضان قدیروف نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت بڑی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی حکام نے شرکت کی۔

سفید ماربل سے بنی خوبصورت مسجد کا نام حضرت محمد(ص) کے اسم مبارک پر رکھا گیا ہے اور اس میں 30 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس کے علاوہ مسجد کے باغ میں 70 ہزار افراد بیک وقت عبادت کر سکتے ہیں۔

مسجد کے اندرونی حصے میں انتہائی خوبصورت انداز میں نقش نگاری کی گئی ہے اور قرآنی آیات کو کندہ کیا گیا ہے۔

چیچنیا میں شمالی کے علاقے میں قائم کی گئی مسجد کے صحن کو پھولوں اور خوبصورت فواروں سے سجایا گیا ہے۔

اس موقع پر چیچن سربراہ رمضان قدیروف کا کہنا تھا کہ یہ مسجد اپنے ڈیزائن، خوبصورتی اور انفرادیت کے اعتبار سے ایک شاہکار ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق 9 ہزار 700 اسکوائر میٹر پر موجود اس مسجد کو ایک ازبک انجینئر نے ڈیزائن کیا اور اس مسجد کی تعمیر میں خواتین نے بھی حصہ ملایا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .