۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
بنگلورو

حوزہ/نماز آنکھوں کی ٹھنڈک ہے، نماز دل کا سکون ہے، نماز خدا سے گفتگو کا ذریعہ دین اور دنیا میں کامیابی کا راستہ ہے۔ بنگلورو کی مسجدِ امام رضا میں منعقدہ تقریب میں علما کرام نے ان خیالات کا اظہارکیا۔ بنگلورو کے یشونت پور علاقہ میں واقع مسجدِ امام رضا میں ننھے نمازیوں کی حوصلہ افزائی کا دلنشین منظردیکھنے کوملا۔ یہاں مسلسل 50 دنوں تک فجر کی نماز باجماعت ادا کرنے والے 38 بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ان طلبائ نے نماز کے ساتھ چالیس دنوں پر مشتمل دینیات کا کورس بھی مکمل کرلیا۔ نونہالوں کے اس ایمانی جذبہ کو دیکھتے ہوئےالرسالت ٹرسٹ انہیں انعامات سے نوازا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پُرنور تقریب سے علمائے کرام اور عمائدین نے خطاب کیا۔ معروف عالم دین مولانا میر سلمان علی عابدی نے کہاکہ نماز اسلام کا اہم ستون ہے۔ نماز کو مومن کی معراج قراردیاگیاہے۔ نماز کے ذریعہ بندہ اپنے رب سے گفتگو کرتاہے۔ خاص طور پر فجر کی نماز کیلئے بندہ اپنے نفس امارہ کو شکست دے کرمسجد کی جانب قدم بڑھاتاہے۔ دین اور دنیا میں کامیابی کا ذریعہ نماز ہے۔

مسجدامام رضا کے امام جمعہ جماعت مولانا محمد سید رضاعابدی نے کہاکہ موجودہ دور میں انسان پریشان ہے۔ سکون کی تلاش میں در در بھٹک رہاہے۔ لیکن انسان کو سب سے زیادہ اور بہترین سکون نماز سے حاصل ہوتاہے۔ مولانامحمد رضا عابدی نےکہاکہ جو انسان خدا کو یاد کرتاہے خدا بھی اُس بندے کو یاد کرتاہے۔

اس اجلاس میں معروف دانشور اور صنعتکار محسن علی وکیل نے کہاکہ بنگلورو جیسے بڑے شہروں کی طرز زندگی تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے۔ دیر سے سونا،دیرسےاٹھنا نوجوان نسل کی عادت بنتی جارہی ہے۔ مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ نماز فجر سے محروم ہورہا ہے۔ لہذا نمازوں کی جانب نوجوانوں کو راغب کرنے کیلئے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔

انجمن امامیہ بنگلورو کے صدر میرعلی رضا نجفی نے کہا کہ اسطرح کے تربیتی پروگرام ہر مسجد میں منعقد کیے جائیں۔ اگربچے نماز پڑھنا شروع کرینگے تو والدین بھی خودبخود نماز کی پابندی کرنے لگے گیں۔ اسطرح پورے معاشرے میں ایک خوشگوار تبدیلی دیکھنے کوملے گی۔

الرسالت ٹرسٹ کے نمائندے میرظہیرعباس نے کہاکہ 6 سے18 سال تک کے 38بچوں نے اس تربیتی پروگرام میں حصہ لیا۔ کورس مکمل کرنے والے ہر بچے کو تین ہزارروپئے نقد اور مومینٹو انعام کے طور پر دیئے گئے۔
واضح رہے کہ بنگلورو میں ان دنوں کئی مسجدوں میں نماز فجر کیلئے بیداری مہم چلائی جارہی ہے، اسطرح شہر کی کئی مسجدوں میں بیداری پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔ نومبر،دسمبر،فروری کے مہینوں کی سخت سردی کے درمیان ننھے منھے بچوں نے فجر کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کی۔ ان تربیتی پروگراموں کو مکمل کرنے والےبچوں میں سائیکل، واچ،فٹ بال اسطرح کے انعامات تقسیم کئے گئے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .