حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دین شناسی اور دین فہمی خدا کی عنایات میں سے ایک عظیم عنایت ہے لہذا خدا جب بھی اس کا موقع فراھم کرے بندہ کو چاہیے کہ اُس سے بہرہ مند ہو اور بندہ خود بھی ایسے مواقع کی تلاش میں رہے جہاں وہ دین شناسی اور دین فہمی جیسی نعمت سے سرشار ہو سکے۔ اسلام فکری، علمی اور معنویت کا دین ہے اور تحصیل علم اور کتاب خوانی اسلام میں ایک اہمیت کی حامل ہے چونکہ کتاب انسان کو سکون بخشنے کا ایک راستہ ہے اور خود امیرالمومنین علیہ السلام نے فرمایا کہ:
بہترین ہم کلام کتاب ہے۔
نعم المحدث الکتاب غررالحکم ج6 ص167
اور مزید اس سلسلہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید کے ساتھ کہا کہ: اس زمانہ میں کتاب خوانی اور تحصیل علم نہ یہ کہ ایک قومی فریضہ ہے بلکہ واجب دینی ہے۔
آج جہاں پوری دنیا کی بشریت اپنے گھروں میں وقت گذار رہی ہی شاید یہ بھی ایک بہترین موقع ہے کسی ایک کیلئے دین شناس اور دین فھم بننے کا۔ لھذا اسی موقع کی فراہمی کو مد نظر رکھتے ہوئے مبارکپور کے نوجوانوں کیلئے بمناسبت ولادت سرکار ولی عصر حضرت حجت عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف والقلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ مبارکپور کی زیر نگرانی ایک مختصر کتابخوانی اور آنلائن مسابقہ کا اہتمام کیا گیا جس میں برادران و خواھران نے بھر پور دلچسپی اور لگن کے ساتھ اس مسابقہ میں حصہ لیا اور ابھی بھی خواہشمند حضرات حصّہ لے رہے ہیں جس کے امتحانات کے بعد 14 برادران اور 14خواھران کو نفیس انعامات سے نوازا جائے گا۔