حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ادارہ یوٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے ایک علمی و ادبی مجلہ کی اشاعت کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کی پہلی اشاعت امام علی علیہ السلام کی روز جانشینی پر ’امیر المومنین نمبر‘کے نام سے عمل میں آئی تھی ۔ اس کے بعد دوسری اشاعت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا علیہم السلام کے چہلم کی مناسبت سے ’اربعین حسینی نمبر‘کے نام سے اشاعت عمل میں آئی ۔
اربعین حسینی نمبر کا رسم اجرا ،حیدر آباد میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولاناعلی حیدر فرشتہ ، چیف ایڈیٹر کے شریعت کدہ کی بالائی منزل ’شبستان قائم علیہ السلام‘میں عمل میں آئی جس میں مجمع علماء و خطباءحیدرآباد، اساتذہ حوزۃالامام القائم اور دیگر شخصیات شریک رہیں ۔
رسم رونمائی کا آغاز قاری جناب مولانامقصود حسین جعفری صاحب قبلہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد مولانا دلدار صاحب قبلہ نے اربعین امام حسین علیہ السلام کے حوالہ سے اشعار پیش کیے اور آخرمیں چیف ایڈیٹر مولانا علی حیدر فرشتہ صاحب قبلہ نے اربعین حسینی نمبر کے حوالہ سے معروضات پیش کیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجلہ یوٹی وی نیٹ ورک اور القائم ویلفیئر سوسائٹی کے مشترکہ تعاون سے شائع ہورہا ہے اور ہمارا ارادہ ہے کہ ہم قلمی خدمات کے ذریعہ بھی پیام آل محمد علیہم السلام کو دنیا تک پہونچائیں ۔ آج کے دور میں قلم کاسلسلہ موقوف ہوگیا، اس لیے ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اسے پھر سے حرکت دی جائے ۔
آخر میں مولانا نے نگران اعلیٰ مولانا ابن حسن واعظ املوی کا شکریہ اداکیا اور رسالہ کی اشاعت میں جن حضرات نے دامے ،درہمے ، قدمے،سخنے اپنے خدمات انجام دیئے تھے ، ان سب کا بھی شکریہ اداکیا خاص طور پر مولوی عظمت علی کا۔
مجلہ کی رسم اجرا کے بعد علمائے کرام نے مجلہ کے حوالہ سے اپنے خیالات و افکار کا اظہار کیا اور مومنین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مجلہ کو ضرور پڑھیں اور ساتھ ہی قلمی تعاون بھی فرمائیں ۔