حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ شاتم رسول اور دشمن قرآن مجید ،مرتد وسیم رشدی کے خلاف مولانا کلب جواد نقوی کی تحریر پر چوک کوتوالی میں سنگین دفعات کے تحت ایف۔آئی۔آر ۔درج کرلی گئی ۔مولانا کلب جواد نقوی نے ۱۶ نومبر 2021 کو مختلف علمائے کرام کے ساتھ چوک کوتوالی میں وسیم رشدی کے خلاف تحریر دی تھی جس پر کوتوال نے ابھی تک ایف۔آئی۔آر۔درج نہیں کی تھی ۔بالآخر ۲۳ نومبر دیر رات کو مولانا کلب جواد نقوی کے اظہار ناراضگی کے بعد کوتوال نے 6 دفعات کے تحت وسیم رشدی کے خلاف ایف۔آئی ۔آر۔ درج کرلی ہے۔وسیم معلون پر دفعہ 153-A،292،295-A،504،505(2)،اور دفعہ 67 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
ایف ۔آئی ۔آر۔ درج ہونے کے بعد مولانا کلب جواد نقوی نےکہاکہ وسیم ملعون مسلسل اسلامی مقدسات کی توہین کررہاہے جسے شرپسند طاقتوں کی سرپرستی حاصل ہے ۔اس نے کتابچہ کے ذریعہ پیغمبر اسلام ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی ہے اور توہین آمیز باتیں تحریر کرکے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ اپنا سیاسی مفاد حاصل کرسکے ۔
مولانانے کہا کہ وسیم مرتد اور اس کے حامیوں نے خلاف واقعہ اور تاریخی حقائق سے عاری باتیں لکھی ہیں اور فحش مواد کو شایع کرکے ہندو مسلم اور شیعہ و سنیّ کے درمیان فساد کرانے کی کوشش کی ہے ،جس کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے ۔مولانانے کہاکہ صرف ایف۔آئی۔آر۔درج کرنا کافی نہیں ہے بلکہ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ اس کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے فوراً گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے ۔