۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ شہنشاہ نقوی

حوزہ/ خانوادہ رسولؐ کے مصائب و مشکلات پر آج بھی زمانہ سوگوار ہے، نبیؐ کے گھرانے پر جو مظالم ٹوٹے انہیں دنیا کبھی فراموش نہیں کر پائے گی کیونکہ امام حسینؑ کی تعلیمات رہتی دنیا تک کیلئے انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گلستان حیدری ٹرسٹ کے تحت سوئم امام حسینؑ کی مرکزی مجلس امام بارگاہ صاحب الزمان (عج) گلستان جوہر میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کے دوران کہا کہ خانوادہ رسولؐ کے مصائب و مشکلات پر آج بھی زمانہ سوگوار ہے، نبیؐ کے گھرانے پر جو مظالم ٹوٹے انہیں دنیا کبھی فراموش نہیں کر پائے گی کیونکہ امام حسینؑ کی تعلیمات رہتی دنیا تک کیلئے انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

بعد ختم مجلس سوئم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں روانہ ہوا جو جوہر چورنگی سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ مہدی آخر الزمان (عج) پر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس میں نامور ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی و سینہ کوبی کی۔ جلوس میں عزاداران کے علاوہ بوڑھے، بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جلوس کی گزر گاہوں پر عزاداران کیلئے سبیلیں اور طبی امدادی کیمپ لگائے گئے تھے، جہاں سے عزاداران کی رہنمائی کی گئی۔

بعد ازاں بانی و صدر گلستان حیدری ٹرسٹ ڈاکٹر سید علی محمد بخاری ایڈوکیٹ نے عزاداروں کا شکریہ ادا کیا، مجلس سے قبل حدیث کساء مولانا غلام حیدر صادقی نے پیش کی جبکہ کمیل حیدر عابدی، رضوان حیدر اور شہباز حیدری نے سلام عقیدت پیش کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .