حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی نے شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا: سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کا مطالعہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ آپ نے انتہائی نامساعد حالات میں رسالت اور ولایت کا بھرپور دفاع کیا۔ مکہ مکرمہ میں کم عمری ہی سے کفار و مشرکین کی مخالفت کے باوجود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دفاع میں چٹان بن کر کھڑی رہیں جبکہ مدینہ منورہ میں اپنے تاریخی اور لازوال خطبے کے ذریعہ منافقین کے کردار کو قیامت تک کے لیے بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے کہا: سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مطالبہ محض فدک کے حصول کے لیے نہیں تھا بلکہ آپ سلام اللہ علیہا نے اپنے وقت کے امام حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے حقِ خلافت اور ولایت کے دفاع کے لیے آواز بلند کی۔ یہ سیدہ سلام اللہ علیہا کا عظیم تاریخی قیام اور مزاحمت تھی جو آج بھی حق کے متلاشیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا: سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے کردار نے ہمیں یہ پیغام دیا ہے کہ حق کے راستے میں استقامت اختیار کرنا، ظالم کے ظلم کو بے نقاب کرنا اور باطل قوتوں کے سامنے صدائے احتجاج بلند کرنا پیروکاران اہل بیت علیہم السلام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمیں سیدہ کے اس مشن اور مزاحمت کے عمل کو ہر دور میں جاری رکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا: آج دنیا نے ایران کے مقابلے میں امریکہ اور اسرائیل کی ذلت و رسوائی اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے، جو مزاحمت اور استقامت کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہر قسم کے فتنے اور ان قوتوں کے خلاف قیام کیا جائے جو عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا چاہتی ہیں۔

پاکستان میں عزاداری اور مجالس عزا کے انعقاد کے حوالے سے انہوں نے کہا: عزاداروں کے خلاف مجالس فاطمیہ منعقد کرنے پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کس قانون کے تحت کیا جا رہا ہے؟ عزاداری ہمارا شہری اور آئینی حق ہے، پاکستان کا کوئی قانون ہمیں اس حق سے محروم نہیں کر سکتا۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا: ہم اپنا واضح پیغام حکمرانوں تک پہنچا چکے ہیں کہ عزاداروں کے خلاف درج کی گئی غیر قانونی ایف آئی آر واپس لی جائے۔ بصورت دیگر وزیراعلیٰ ہاؤس کو امام بارگاہ بنا دیا جائے گا اور پھر ہمارے گھروں سے مائیں، بہنیں، بچے، علما اور بزرگ علم عباس اٹھا کر سڑکوں پر نکلیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکمرانوں نے اس معاملے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور عزاداروں کو ان کے آئینی و شہری حقوق سے محروم رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تمام تر صورت حال کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی۔












آپ کا تبصرہ