حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ نوری ہمدانی نے آج شہر قم میں اپنے دفتر میں وحدت کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے کچھ علماء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: اس سال وحدت کانفرنس بہت پرشکوہ انداز میں منعقد ہوئی ہے۔ ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے کہ جنہوں نے اس کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں کوششیں کیں۔
اس شیعہ مرجع تقلید نے کہا:اپنے اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے اتحاد و وحدت ضروریات دین میں سے ہے اور تمام مسلمانوں کا دشمن ایک اور ان کا ہدف آزادیٔ قدس ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امریکہ کی ملت ایران سے دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ ملت ایران یمن فلسطین اور دنیا بھر کے محروموں اور کمزوروں کا دفاع کرتی ہے۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا: وحدت کے بعد آزادی قدس اور اسرائیل کی نابودی اہم ترین مسائل ہیں۔ ہم مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ جب تک یہ کینسر کا پھوڑا یعنی اسرائیل موجود ہے مسلمان آرام و سکون سے نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا:ہمیں ظالموں اورستمگروں کو پہچان کر ان کے نزدیک نہیں جانا چاہیے اور اگر ہم ان کے نزدیک ہوئے تو مشکلات ہمیں گھیر لیں گی۔ یہ حکم قرآنی ہے قرآن کریم ہم سے کہہ رہا ہے جو حکومت جرائم کرتی ہے وہ خادم الحرمین نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا: جب بھی میری علماء اور مسلمانوں سے ملاقات ہو گی میں انہیں جہاد و وحدت کی تاکید کروں گا اور ان سے اسی کے متعلق گفتگو کروں گا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے آخر میں کہا: ہمارا نظریہ ہے کہ تمام مسلمانوں کے مقدسات کی توہین نہیں ہونی چاہیے اور میں اس توہین کو جائز نہیں سمجھتا ہوں۔