حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین نظری منفرد نے شہر گرگان میں مدرسہ علمیہ زہرا سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک اخلاقی نشست میں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی حدیث کو بیان کرتے ہوئے کہا: انسان کی قیمت اس کے علم و ادب سے ہے پس ہمیں علم وادب حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ علم و ادب سے انسان کی قدر و قیمت بڑھتی ہے۔
انہوں نے علم کو خدا تک پہنچنے اور ادب کو خدا کی بندگی کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے کہا: علم کمال ہے اور دین اسلام نے جس قدر علم کو اہمیت دی ہے وہ کسی دوسرے آسمانی دین میں نظر نہیں آتی اور بہت ساری روایات میں بھی علم کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے۔
حوزہ علمیہ قم کے استاد نے متعدد قرآنی آیات کی روشنی میں علم کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا: خدا کے نزدیک علماءکامقام دیگر لوگوں کی طرح نہیں ہے جس قدر انسان کا علم زیادہ ہوگا خدا کے نزدیک اس کا مقام بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا چونکہ’’ھَلْ يَسْتَوِي الَّذينَ يَعْلَمُونَ وَ الَّذينَ لا يَعْلَمُونَ ‘‘۔
حجۃ الاسلام والمسلمین نظری منفرد نے کہا: علم کی عظمت یا اس کے موضوع سے ہے یا ان آداب کی وجہ سے ہے جو اس علم سے حاصل ہوتے ہیں۔ جس قدر علم کا فائدہ زیادہ ہوگا اتنی ہی اس علم کی اہمیت زیادہ ہو گی۔
انہوں نے آخر میں طلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: آپ اپنے طالبعلم ہونے کی نعمت کی قدر و قیمت کو پہچانیں۔اگر آپ نے علم عقائد کو اچھی طرح نہ پڑھا تو آپ لوگوں کی گمراہی کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ آپ پہلے خود اعتقادی مسائل کا علم حاصل کریں گے تو ہی لوگوں کی ہدایت اور رہنمائی کر سکتے ہیں۔