۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان:

حوزه/ حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے ،قوم اس ماہ مبارک میں عہد کرے کہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے بزرگ راہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے ،قوم اس ماہ مبارک میں عہد کرے کہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔اللہ تعالیٰ نے تاریخ انسانی کی ناقابل فراموش قربانیوں کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی اور پاکستان کا انعام رمضان مبارک کی ستائیویں رات عطا فرمایا لیکن اس قوم نے پاکستان کی قدر نہیں کی اور آج پاکستان کے عزت و وقار کو پوری دنیا میں نیلام کیا جارہا ہے ۔عوام مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں مگر اس سے بھی خطرناک معاملہ یہ ہے کہ حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔صیہونی اداروں نے قرضہ دینے کی شرائط میں ایک شرط یہ لگادی ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کریں تو قرضہ ملے گاجس کیلئے حکومت تیار نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا مگر حکمران چند ڈالر ز قرضہ کیلئے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو منہدم کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے ۔آٹا چاول گھی چینی اور دالوں کی قیمتوں کی میں اضافے سے عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیاں بڑھ گئی ہیں ،پانچ سات سو روپے دیہاڑی کمانے والا مزدور فاقوں پر مجبور ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا پہلا فرض عوام کو ریلیف دینا ہے مگر حکمران خود کو کسی کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .