حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی بیروزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات کئے جائیں۔ حکومت کی تبدیلی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا بلکہ حالات مزید گھمبیر ہو گئے ہیں۔ حکمرانوں کی عافیت اسی میں ہے کہ مہنگائی پر قابو پائیں۔ پٹرولیم مصنوعات کے بعد کھانے پینے کی اشیاءکی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔
گلگت بلتستان کے تنظیمی دورے پر روانگی سے پہلے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ بے تحاشہ اضافے اضافہ حیران کن ہے۔ رمضان المبارک سے پہلے 35 روپے فی کلو فروخت ہونے والا پیاز کے نرخ120 روپے سے بڑھ چکے ہیں۔ اسی طرح دیگر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔ دالیں، چاول،گھی،کوکنگ آئل، گوشت کی قیمتیں پہلے ہی آسمانوں کو چھو رہی ہیں۔عام آدمی کے استعمال کرنے والا مرغی کا گوشت بھی مہنگا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرے گی یا گزشتہ حکومت کی طرح یہ بھی اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام کو کرپشن کے الزامات کی لوریاں دے گی۔ انہوں نے کہا قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت پر اسلامی تحریک کا وفد گلگت بلتستان کے دورے کے دوران مختلف ورکرز کنونشن اور اجلاسوں میں شریک ہو گا۔