۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ناظر تقوی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل: حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں لگے ہوئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا: حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کے اعلان کے بعد اگر پیٹرول سستا بھی ہو گیا لیکن اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ عوام کا جینا مشکل ہو چکا ہے حکومت اور اپوزیشن آپس میں سیاسی پنجہ آزمائی میں لگے ہوئے ہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ اس وقت وطن عزیز پاکستان معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں عوام کا جو بنیادی ترین مسئلہ ہے وہ مہنگائی ہے۔ مہنگائی سے نمٹنے کے خلاف نہ اپوزیشن اور نہ ہی حکومت کے پاس کوئی بھی بہتر حکمت عملی موجود نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا:پاکستانی عوام ان مسائل کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے، روپے کی قدر میں روز بروز کمی ہو رہی ہے اور وزیر اعظم کے اعلان کے بعد اگر پیٹرول سستا بھی ہو گیا لیکن اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔

انہوں نے مہنگائی کے اسباب کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکومت کے پاس اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے کوئی سسٹم موجود نہیں۔ ایک غریب آدمی جس کی تنخواہ بیس ہزار روپے ہے وہ کیسے اس مہنگائی کے زمانے میں اپنے بچوں کو تعلیم،یوٹیلیٹی بلز وصحت کی سہولیات دے سکتا ہے؟۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا: عوام کا جینا مشکل ہو چکا ہے اور حکومت اور اپوزیشن آپس میں سیاسی پنجہ آزمائی میں لگے ہوئے ہیں۔ عوام کی کسی کو بھی فکر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا: قرآن کریم میں ہے کہ "جو قومیں اپنی حالت نہیں بدلتی خدا بھی ان کی حالت نہیں بدلتا" لہذا عوام کو اپنی جدوجہد پر اعتماد کرنا ہوگا۔ عوامی جدوجہد کے ذریعے ہی پاکستان کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد و کوششیں کریں اور عوام جب اپنے حق کو حاصل کرنے کے لیے میدان حق میں نکلے گی تو پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔ عوام کو اپنی جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا اور اپنے حصول کے لئے آئین اور قانون میں رہتے ہوئے کوششیں کرنا ہوں گی اور عوام کے مسائل بھی حل ہونگے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .