۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے ٹیکسلا پریس کلب کے صدر سید مشتاق نقوی کی رہائشگاہ پر موجودہ حالات کے بارے میں صحافیوں سے گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے ٹیکسلا پریس کلب کے صدر سید مشتاق نقوی کی رہائشگاہ پر موجودہ حالات کے بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت بدترین سیاسی،معاشی بحران کا شکار ہے، مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا: اس وقت ملک میں مہنگائی حکمرانوں کے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن سیاسی رسہ کشی ، انا پرستی اور بغض و عناد جوں جوں بڑھ رہا ہے۔ سیاسی رسہ کشی اور فرقہ واریت ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہے۔ ان حالات میں عوام کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں یا باقی رہیں۔ عوام فقط یہ چاہتے ہیں کہ کون سا سیاسی رہنما یا حکمران ہوگا جو ہمیں ریلیف دے گا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: مہنگائی مہینوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ گھنٹوں کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حکمرانوں کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ عالمی سطح پر قیمتیں کم ہورہی ہیں مگر اس کا فائدہ عوام کو نہیں مل رہا بلکہ آئے روز لیوی ٹیکس میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ آئی ایم ایف کو راضی کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا: ہمارا حکمرانوں سے یہ سوال ہے کہ کیا آپ کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں کتنی کامیاب ہوئی ہے۔؟ اقتدار کا اصل فلسفہ عوام کو ریلیف دینا ہے مگر ہماری عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: تمام سیاسی قوتوں سے دردمندانہ درخواست ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور محب وطن راہنما سیاسی تنازعات سے بالاتر ہو کرسر جوڑ کر بیٹھ جائیں اور ملک کو اس بدترین بحران سے نکالیں۔ ہمارا تجربہ ہے کہ جب اناپرستی کو ایک طرف رکھ کر اور خلوص اور ملی وحدت کے جذبے کے ساتھ مل کر بحرانوں کا مقابلہ کیا جائے تو بڑی سے بڑی مشکل بھی حل ہو جاتی ہے اور ملک و قوم استحکام و ترقی کی منزل کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جہاں ملک میں سیاسی انتشار عروج پر ہے وہاں دہشتگردی بھی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ بھی ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی ہے۔ جب ہم آپس میں الجھتے رہیں گے اور ملکی مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں ہو گی تو دہشت گرد بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ جب ہماری صفوں میں انتشار ہو گا تو ہر دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا: دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک افواج، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے سپاہی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر تے ہوئے عظیم شہادتیں دے رہے ہیں۔ ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وطن کے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے محترم خاندانوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ انشاللہ یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ملک اس دہشت گردی سے جلد نجات حاصل کرے گا۔ ہمارا حکومتوں سے مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .