۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
بڑھتی مہنگائی کے خلاف صوبے بھر میں پرامن احتجاجی مظاہروں کا انعقاد

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی اپیل پر ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف صوبے بھر میں پرامن احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی اپیل پر ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف صوبے بھر میں پرامن احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علماء کرام، سماجی شخصیات، عہدہ داران، کارکنان سمیت عوام نے بھرپور شرکت کرکے اپنے جائز حقوق کے حصول کی خاطر اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس موقع پر شرکاء احتجاج نے ملک سے مہنگائی ختم کرنے کے حوالے سے نعرے لگائے اور حکومت سے فوری طور پر روز مراء کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی مجلس عاملہ کی جانب سے 13 جنوری کو یوم احتجاج کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ صوبائی صدر اور مجلس عاملہ کی اپیل پر سکھر، نواب شاہ، قاضی احمد، شکارپور، دادو، حیدرآباد، نوشہروفیروز، کشمور، کندھکوٹ، سکرنڈ، لاڑکانہ، جامشورو، صالح پٹ، ٹھکرانو، وارھ (وگن)، ٹھٹہ، کنڈیارو، مٹیاری، سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

احتجاجی مظاہروں میں شرکاء احتجاج نے ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی سمیت اشیاء خورد و نوش کی قلت کے حوالے سے بھرپور احتجاج کیا۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ روز مرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو فی الفور کم کیا جائے اور ملک میں جاری اشیاء کی قلت کو ختم کیا جائے نیز ضروریات زندگی کی اشیاء کی فراہمی کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے سکھر میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر نے اپنے خطاب میں کہا: حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اشیاء خردونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہری تنگ آچکے ہیں، حکومت فوری طور پر اس بحران پر قابو پائے بصورت دیگر اگلے انتخابات میں عوامی ردعمل کیلئے تیار رہیں!

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .