۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزه/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے نئے سال کے آغاز پر وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کی خصوصی دعا کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے چیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سال نو 2023ء کے آغاز پر اہل وطن و مسلمانان عالم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں سال نو کے آغاز پر خداوند متعال سے وطن عزیز کی سلامتی، استحکام، ترقی، قومی یکجہتی اور اتحاد وبھائی چارگی کی خصوصی دعا کرنی چاہئے۔ امید ہے کہ نیا سال کا سورج پاکستان کیلئے بہتری اور خوشحالی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال ملکی تاریخ، سیاسی حالات اور معاشی عدم استحکام کے حوالے سے انتہائی سنگین سال ثابت ہوا۔ افسوس کہ اسی بدقسمت سال میں پاکستان کی منتخب حکومت کو بیرونی مداخلت اور سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایاگیا، ملک میں سیاسی عدم استحکام پروان چڑھا، غیر یقینی سیاسی صورتحال اور دشمن قوتوں کی سازشوں کے سبب ملک معاشی طور پر کمزور ترین سطح پر پہنچ گیا، ملک کے نامور صحافی ارشد شریف کو کینیا میں شہید کیاگیا، کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوئے۔ ملک میں تکفیری طالبان دہشت گردوں نے دوبارہ سراٹھانا شروع کیا اور سینکڑوں نہتے شہری اور پاک فوج کے جوان شہید ہوئے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امید ظاہر کی کہ نیا سال مہنگائی، اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردی کے شکار اہل وطن کیلئے سکھ کا سال ثابت ہوگا، ہم ایک قوم بن کر تمام قومی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور کسی صورت ملکی خودمختاری اور وقار کے خلاف بیرونی قوتوں کی سازشوں اور غلامی کے ایجنڈے کو نافذ ہونے نہیں دیں گے۔ہمارے حکمرانوں کو بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے نئے سال کے آغاز پر عوام کی بہتری وخوشحالی کی فکر کرنی ہوگی، امید ہے کہ نئے سال قومی انتخابات کے پر امن انعقاد کے بعد ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام آئے اور پاکستان دوبارہ ترقی کی منازل طے کرے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .