حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا کہ داعش کے 3 اہم ٹھکانوں کو ، جو چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پاکستانی سفارت خانے اور کابل ایئرپورٹ پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے، تباہ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں داعش کے 8 ارکان ہلاک اور 7 دیگر کو گرفتار کیا گیا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے غیر ملکیوں کو داعش میں شامل کرنے کے لئے افغانستان منتقل کرنے اور مختلف حوادث میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
مجاہد کے مطابق صوبہ نیمروز میں زرنج شہر میں واقع داعش کے 3 ٹھکانوں میں سے ایک سے بڑی مقدار میں بارودی سرنگیں، بم اور خودکش جیکٹس قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات (بدھ، 4 جنوری) کابل کے رہائشیوں نے کابل شہر میں دھماکے اور گولیوں کی آواز سنائی دی۔ لیکن سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ داعش کے ارکان کے خلاف کارروائیوں کا نتیجہ تھا۔