حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مسئلہ فلسطین عالم انسانیت کا مسئلہ ہے، عرب ممالک کے اسرائیل سے تعلقات ان کی کمزوریوں کا نتیجہ ہے، تحریک آزادی فلسطین کے شہداء، شہید احمد یاسین، شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو فخر ہے کہ ہمارے قائد محمد علی جناح اور علامہ اقبال ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سیاسی و مذہبی رہنماؤں بشمول پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر جنرل (ر) عبد القیوم، معروف صحافی و تجزیہ نگار حامد میر، مجلس وحدت مسلمین کے چیئر مین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، فلسطین سے حماس کے رہنما ڈاکٹر خالد قدومی ، جماعت اہل حرم کے سربراہ علامہ مفتی گلزار نعیمی، تحریک جوانان پاکستان کے چیئر مین عبد اللہ گل، حریت رہنما عبد الحمید لون، ہیومن رائٹس کونسل کے صدر جمشید حسین، ریسرچ اسکالر ارسلان ایاز، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے آصف رضا تنبولی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اسلام آباد پریس کلب میں شہدائے قدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو مزاحمت نے زندہ رکھا ہوا ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم فلسطین کاز کی حمایت کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کانفرنس جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین پر واضح موقف ہے اور ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن قائم کرنے سے زیادہ اہم انصاف کی فراہمی ہے۔
معروف صحافی اور تجزیہ نگار حامد میر نے کہا کہ اگر عرب دنیا اسرائیل کو تسلیم کرتی ہے تو یہ عرب حکمرانوں کی نااہلی ہے لیکن ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے پاس قائد اعظم اور علامہ اقبال ہیں اور ہمارے قائدین نے فلسطین کاز کی حمایت کی ہے لہذا ہم فلسطین کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے حقوق کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ مزاحمت کا راستہ ہے۔ انہوں نے شہدائے تحریک آزادی قدس بشمول شہید احمد یاسین، شہید قاسم سلیمانی اور تمام شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے فلسطینی مزاحمت کو مضبوط کیا ہے۔ شہید قاسم سلیمانی کو قتل کرنے والی امریکی حکومت اور ان کے آلہ کاروں کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین سے حماس کے رہنما ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ آج فلسطین کی مزاحمت پہلے سے زیادہ طاقتور ہے اور اس میں شہید قاسم سلیمانی کی قربانیاں شامل ہیں۔ فلسطینی قوم شہید قاسم سلیمانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
کانفرنس سے علامہ گلزار نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے قدس کا راستہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبد اللہ گل کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کاز کا سب سے بڑا حمایتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کل فلسطین کی آزادی کی جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ ہمیں قائد اعظم کی پالیسی کے مطابق فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھنے چاہیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبد الحمید لون کا کہنا تھا کہ کشمیر و فلسطین میں عالمی سامراجی قوتیں دہشتگردی کا بازار گرم کر رہی ہیں ہمیں ان کا مستعمل مقابلہ کرنا ہو گا۔