۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے ملت جعفریہ و شہدائے راہ قدس

حوزہ/ مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے ملت جعفریہ و شہدائے راہ قدس سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ ہمیں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے پرچم کے نیچے جمع ہونا ہوگا، جیسے ملت ایران، عراق، شام، لبنان اور یمن اکھٹا ہوئے اور عالمی سامراج کو شکست فاش دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا بیاد شہدائے ملت جعفریہ و شہدائے راہ قدس سے سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، رہنما جعفریہ الائنس علامہ باقر حسین زیدی، علامہ حسن ظفر نقوی و دیگر رہنماوں نےخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے قیمتی شہداء کے پاکیزہ خون سے سیراب ہوئی ہے، ہم نے مکتب کربلا و عاشورا کی پیروی کرتے ہوئے اس عصر کی کربلا میں عظیم شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں، وطن عزیز کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تکفیری کی آگ میں جھونکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی کا سب سے بڑا کارنامہ مقاومت کو طاقتور بنانا ہے، شہید قاسم سلیمانی نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے، ڈیل آف سینچری اور نارملائزیشن ود اسرائیل کے منصوبے سمیت داعش کو ناکام بنایا، وہ کسی خاص ملک کے نہیں ہم سب کے محسن ہیں، پوری امت مسلمہ کے محسن ہیں، اس عظیم شہید نے عراق و شام میں داعش کا سر کچل کر پوری دنیا کو اس بدترین فتنے سے آزادی دی، قاسم سلیمانی نے غزہ کے مظلوموں کو مچھلی پکڑ کر نہیں دی بلکہ جال بننا سکھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج امام زمانہؑ کے ظہور کی رکاوٹیں ختم ہورہی ہیں، آپریشن طوفان الاقصی اسرائیل پر فلسطینیوں کا 75 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ کاری وار ہے، فلسطین نے اسرائیل کے غبارے سے ہوا نکال دی، اسرائیل دنیا بھر میں میڈیا وار ہار چکا ہے، اسرائیل کا مکروہ چہرہ پوری دنیا پر آشکار ہوگیا، اسرائیل کھلی جنگ نہیں کرسکتا، جنگی جرائم کرسکتا ہے، اسرائیل جنگ کو ہمیشہ باہر لڑتا رہا ہے، مزاحمتی قوت نے جنگ کو اسرائیل کے اندر تک پہنچا دیا ہے، اسرائیل اسٹریجیٹکل طور پر شکست کھا چکا ہے، آج کا زمانہ تشیع کی طاقت و سربلندی کا زمانہ ہے، امام خمینیؒ نے فرمایا تھا کہ جس قوم کے پاس شہادت ہو وہ کبھی غلامی قبول نہیں کرتی، ہمارے سیاسی پیشوا غیبت کبری میں ولی فقیہ ہیں، ہمیں رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای پر فخر ہے، ہمیں رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے پرچم کے نیچے جمع ہونا ہوگا، جیسے ملت ایران، عراق، شام، لبنان اور یمن اکھٹا ہوئے اور عالمی سامراج کو شکست فاش دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تشیع میدان میں رہ کر امریکی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، پاکستان کو حسینیوں نے بچانا ہے، ہم جتنے باشعور و بیدار ہوئے، اتنے طاقتور ہوں گے، پاکستان میں تکفیری ٹولے کے ذریعے تشیع کو الجھایا گیا ہے، استعماری طاقتیں اور ان کے مقامی ایجنٹ یہ نہیں چاہتے کہ ہم مین اسٹریم پولیٹکس میں اپنا قومی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے کہا تھا کہ پاکستان کی کسی غیر اسلامی ملک سے جنگ ہوئی تو ہم پاکستان کے لئے اپنا خون پیش کریں گے، ہم پاکستان کے دشمنوں سے دوستی نہیں کرسکتے ہیں، ہمیں چاہیئے کہ ہم بیدار ہوں، دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے، شہید قائد کی کمی کو ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے، ہم نے سیاست کو طہارت دینی ہے، اس ملک کے تمام اداروں کو پاک بنانا ہے، پاکستان کے ایٹمی اثاثے ملت کے اثاثے ہیں، ہم پاکستان کو توڑنے والوں کے ہاتھ توڑ دیں گے، آپ کا ووٹ اسرائیل پسندوں کو شکست دینے کے لئے استعمال ہونا چاہیئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .