حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سردارانِ شہدائے مدافعان حرم اہل بیت (ع) کی پہلی برسی اور شہدائے سانحہ مچھ کوئٹہ کی یاد میں مرکزی مجلس برسی کا انعقاد 23 جنوری 2021ء بروز ہفتہ امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی بلاک 20 میں کیا جائے گا۔ ملک بھر سے نامور علماء و خطباء شرکت کریں گے، پروگرام کی تیاریاں اور دعوتی عمل تیزی سے جاری ہے۔ انشاء اللہ یہ اجتماع شہدائے اسلام کی پاک ارواح سے تجدید عہد ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے مرکزی مجلس برسی کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے اسلام عالم انسانیت کی شمع ہیں، ان شہداء کی عظیم قربانیوں کے سبب اسلام زندہ و جاوید ہے، شہید قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاء کسی زمان و مکان میں قید نہیں، وہ پوری امت مسلمہ کے ہیرو ہیں، ان عظیم شہداء نے سرزمین مقدس انبیاء و اولیاء عراق و شام کو سفاک داعشی دہشت گردوں سے نجات بخشی، ان ہی عظیم شہداء کی بےمثال قربانیوں کے سبب پاکستان اور ہمارا یہ خطہ داعش کے نجس سے محفوظ رہا۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ شہدائے سانحہ مچھ نے ملت جعفریہ میں ایک نئی روح پھونکی ہے، ان شہداء کی یاد میں 23 جنوری کو انچولی سوسائٹی میں عظیم الشان مرکزی مجلس برسی کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، ذاکرین عظام، شعراء و نوحہ خواں شریک ہورہے ہیں، اس پروگرام کی تشہیری مہم اختتام پزیر ہوچکی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائنس پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکزی تنظیم عزا، مرکزی تنظیم عزاداری کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی مجلس برسی میں شرکت کیلئے شہر قائد کے تمام نامور علمائے کرام، ذاکرین عظام، شعرائے کرام، نوحہ خواں، ٹرسٹیز، عمائدین و معززین کو دعوت دینے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔