بدھ 7 جنوری 2026 - 22:59
غلام میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کے باوجود انقلابِ اسلامی مضبوطی سے قائم ہے، علامہ سید حسن ظفر نقوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ایران مخالف پروپیگنڈا کرنے والے میڈیا اور حکومتی عناصر اپنے خوابوں سمیت تاریخ کے کوڑے دان میں جا گرینگے، جبکہ انقلابِ اسلامی مظلوموں کے آخری مضبوط مورچے کے طور پر قائم ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ انقلابِ اسلامی ایران کے خاتمے کے خواب دیکھنے والے ہمیشہ ذلت و رسوائی سے دوچار ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11 فروری 1979ء کو امام خمینیؒ کا دیکھا گیا خواب عملی صورت میں دنیا کے سامنے آیا اور اس کے بعد سے آج تک استعمار اور اس کے حواری بارہا انقلاب کے خاتمے کی پیش گوئیاں کرتے رہے، مگر ہر بار ناکامی ان کا مقدر بنی۔

اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر غلام حکومتیں اور گماشتہ صحافت جھوٹی افواہوں کے ذریعے ایران مخالف مہم چلا رہی ہیں، یہاں تک کہ رہبرِ انقلاب کے ملک چھوڑنے جیسی مضحکہ خیز خبروں کو بھی مصدقہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام عناصر ایران دشمنی کے جنون میں مبتلا ہیں اور انہیں یہ ادراک نہیں کہ انقلابِ اسلامی کے خلاف سازشیں کرنے والے خود تاریخ کے کوڑے دان میں جا گریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران استعمار کے خلاف مزاحمت کا آخری مضبوط مورچہ ہے اور اگر خدانخواستہ اس مورچے کو نقصان پہنچا تو پوری اسلامی دنیا صہیونی طاقتوں کے سامنے بے بس ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل سے مالی و سیاسی مفادات حاصل کرنے والا میڈیا انہی مفادات پر جشن مناتا نظر آتا ہے۔

علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ رہبرِ معظم انقلاب آج صرف ایران نہیں بلکہ دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے حوصلے اور استقامت کی علامت ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلسطین، غزہ اور دیگر مزاحمتی محاذوں پر جاری مظالم کے باوجود عالمی ضمیر خاموش ہے جبکہ مسلم حکمران اور غلام میڈیا حقائق سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شام، لبنان، یمن اور عراق میں مزاحمتی تحریکوں کو کمزور کرنے کی منظم کوششیں جاری ہیں اور بعض حلقے اس پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں کہ ایران کمزور ہو رہا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا سمیت دیگر ممالک میں مداخلت عالمی بدمعاشی کی واضح مثال ہے، مگر اس کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت کم ہی دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کو کوئی نقصان پہنچا تو پاکستان کو بھی سنگین علاقائی خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے مطابق نااہل حکمران داخلی مسائل، مہنگائی، بدامنی اور فرقہ واریت پر توجہ دینے کے بجائے ذاتی مفادات اور اقتدار کے تحفظ میں مصروف ہیں۔

علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران 47 سال مکمل کر کے 48ویں سال میں داخل ہو چکا ہے اور آج بھی امام خمینیؒ کا پیغام دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید اور حوصلے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہی دے گی کہ ایک دور میں جب دنیا ظالم طاقتوں کے سامنے جھک چکی تھی، تب مظلوموں کی ایک جماعت نے اپنے رہبر کے ساتھ کھڑے ہو کر عالمی استعماری قوتوں کو للکارا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha