۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ شبیر حسن میثمی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا: اس وقت پورے ملک میں مہنگائی اور بدامنی کا ایک طوفان برپا ہے لوگ ایک وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا: اس وقت پورے ملک میں مہنگائی اور بدامنی کا ایک طوفان برپا ہے۔ لوگ ایک وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔ صبح کا گھر سے نکلا ہوا شخص شام کو خالی ہاتھ واپس لوٹتا ہے۔ آخر ایسا کب تک چلے گا؟۔

انہوں نے کہا: اسٹریٹ کرائم کرنے والے بے قصور عوام کو صرف موبائل فون اور فقط چند پیسے لوٹنے کے لئے بے دردی سے ہلاک کر رہے ہیں۔ ہمارے سیاستدانوں کو فقط سیاست کی پڑی ہے نہ غریب کا خیال نہ ملک کی فکر آخر کب تک ایسا چلے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی خواہش غریب عوام کو سہولیات فراہم کر نا تھیں۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا: آج غربت و افلاس کی وجہ سے انسان انسان کو کچل رہا ہے، اسٹریٹ کرائم کم ہونے کے بجائے بڑھتے چلے جا رہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائم کرنے والے بے قصور عوام کو صرف موبائل فون اور فقط چند پیسے لوٹنے کے لئے بے دردی سے ہلاک کر رہے ہیں اور دوسری طرف سیلاب زدگان اس وقت سخت سردی کے عالم میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: سیلاب سے متاثرہ افراد مکانات کی تباہی کے بعد اب ٹینٹ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور بہت سارے خاندان ایسے بھی ہیں جن کے پاس ٹینٹ بھی نہیں اور وہ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا: ہمارے سیاستدانوں کو فقط سیاست کی پڑی ہے۔ نہ غریب کا خیال ہے نہ ملک کی فکر۔ آخر کب تک ایسا چلے گا؟!۔

انہوں نے کہا: پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح (رہ) کی کوشش غریب عوام کو خوشحالی اور سہولیات فراہم کرنا تھیں مگر آج سہولیات تو دور کی بات غریب بیچارہ روٹی کے لئے پر یشان ہے۔ ہمیں قائداعظم (رہ) کے افکار سے استفادہ کرتے ہوئے ملکی خوشحالی کے لئے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .