۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
پوپ

حوزہ/ حوزہ علمیہ قم کی انجمن فقہ و حقوق اسلامی کے سربراہ نے دنیائے کیتھولک کے سربراہ کو خطاب کر کے لکھا: دنیائے کیتھولک کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے آپ سے توقع ہے کہ آپ الٰہی تعلیمات، انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے پیغمبر اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور ان کی حمایت میں فرانس کے صدر کے نفرت انگیز بیانات کی مذمت کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ قم کی انجمن فقہ و حقوق اسلامی کے سربراہ آیت اللہ ابوالقاسم علی دوست نے کیتھولک مذہب کے رہبر پاپ فرانسس کے نام خط لکھا ہے جس  کا دو زبانوں عربی اور انگزیزی میں ترجمہ ہوا ہے۔ انہوں نےا س خط کے ذریعے پاپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت فرانس کے صدر کے  ان کی حمایت میں نفرت انگیز بیانات کی مذمت کریں۔

اس خط کا مکمل متن اس طرح ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

عالی جناب پاپ فرانسس رہبر محترم دنیائے کیتھولک

جنابعالی کی خدمت میں سلام  و احترام کے بعد انبیاء الٰہی پر درود و سلام بھیجتا ہوں۔ ایک بار پھر فرانس میں پیغمبر رحمت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے ذریعے اہانت کی گئی ہے اور فرانس کے صدر نے بھی آزادی بیان کے دفاع کے بہانے اس شرمناک اقدام کی حمایت کی ہے جس پر امت اسلامی کو بہت زیادہ افسوس ہے جبکہ ادیان الٰہی کی تعلیمات کے مطابق طول تاریخ بشریت کے برترین انسانوں یعنی انبیاء الٰہی کا احترام موردِ تاکید خداوند ہے اور ہمیشہ اہل ایمان اور پاک طینت انسان انبیاء کرام کے  بشریت پر بے شمار حقوق کا احترام کرتے آئے ہیں۔

لیکن صد افسوس کہ نہ مذکورہ تعلیمات اور نہ بین الاقوامی قوانین اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والی اس توہین کا راستہ روک سکے ہیں۔

اس شرمناک اقدام کی آزادی بیان کے دفاع کے بہانے حمایت کی گئی جبکہ یہ اقدام حقوق بشر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے اور ادیان کی آزادیوں کو محدود کرنے کی سازش بھی۔

یہ بات جنابعالی کی خدمت میں گوش گزار کی جاتی ہے کہ شریعت اسلامی مقدسات ادیانِ الٰہی کی اہانت کو حرام قرار دیتے ہوئے انبیاء الٰہی اور بندگان صالح خداوند مثلا حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم عذراؑ کی عزت و تکریم کو لازم سمجھتی ہے۔

اور اگر تمام انبیا کرام بندگان نیک خداوند اور تمام ادیان کے مقدسات کی اس طرح توہین کی جائے تو اسلامی جمہوریہ ایران اور انجمن فقہ و حقوق اسلامی حوزہ علمیہ نہ صرف اس توہین کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی بلکہ اس شرمناک اقدام کے خلاف شدید رد عمل کا بھی اظہار کرے گی۔

آج انسان بداخلاقیوں اور نفرت انگیز باتوں سے تھک چکا ہے۔ آج بشریت کے لیے صلح و عدالت کی بنیا پر ایک مشترکہ گھر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔

انجمن فقہ و حقوق اسلامی حوزہ علمیہ قم پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانس کے صدر کے اس کی حمایت میں بیان کی شدید مذمت کرتی ہے اور دنیائے کیتھولک کے رہبر ہونے کی حیثیت سے جنابعالی سے توقع کرتی ہے کہ الٰہی تعلیمات، انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین اور حقوق مدنظر رکھتے ہوئے آپ ان توہین آمیز اقدامات کی مذمت کریں گے اور ان اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلے میں جن امور کو لازم سمجھتے ہیں ان کی جانب اپنی توجہ مبذول کریں گے۔

ابوالقاسم علی دوست

سربراہ انجمن فقہ و حقوق اسلامی۔ حوزہ علمیہ قم

تبصرہ ارسال

You are replying to: .