۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مهدی احمدی، معاون فرهنگی حرم حضرت معصومه

حوزہ/ آستانۂ کریمہ اہل بیت (س) میں ثقافتی امور کے انچارج نے کہا: انقلاب اسلامی کے اہم ترین اہداف میں سے ایک آزادیٔ قدس ہے اور یہ بہت عظیم ہدف ہے۔ اس سے امریکہ اور غاصب اسرائیل کو ایک دوسرے سے جدا کیا جاسکتا ہے اور آزادیٔ قدس کے بعد امریکہ کا خیالی دبدبہ ختم ہو سکتا ہے اور مہدوی معاشرہ کی تشکیل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین مہدی احمدی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم کی لائبریری میں کتاب «دکل» کے تعارف اور تنقید کے لئے منعقدہ ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ بہت اچھی اور مفید کتاب ہے جو انقلاب اسلامی کے موضوع پر تحریر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت کے ایام اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کی سالگرہ کے ایام اس سال ایک وقت میں جمع ہو گئے ہیں اور یہ موقع فاطمی تحریک کو بیان کرنے کی بہترین فرصت ہے۔

حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں ثقافتی امور کے انچارج نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہدف توحید کی ترویج، شیاطین کو سر تسلیم خم کرنا اور وسیع پیمانے پر لوگوں کی ہدایت و رہنمائی تھا۔ اس کے علاوہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جزئی ہدف فتح مکہ بھی تھا تاکہ اسے توحید کا نمونہ قرار دے کر مشرکین سے مقابلہ کیا جاسکے۔

حجت الاسلام احمدی نے کہا: انقلاب اسلامی کے اہداف کی راہ میں مشکلات میں سے ایک شیطان صفت انسانوں کا اثر و رسوخ ہے۔

انہوں نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ میں بھی اسلامی معاشرہ بہت زیادہ مشکلات کا شکار تھا لیکن آپ اور آپ کے مخلص ساتھیوں کی ثابت قدمی کی وجہ سے مشکلات دور ہوگئیں۔

حجت الاسلام والمسلمین احمدی نے کہا: انقلاب اسلامی کے اہم ترین اہداف میں سے ایک آزادیٔ قدس ہے اور یہ ایک عظیم ہدف ہے۔ یہ امریکہ اور اسرائیل کو ایک دوسرے سے جدا کر سکتا ہے۔ اس سے امریکہ کا خیالی دبدبہ ختم ہو سکتا ہے اور مہدوی معاشرہ کی تشکیل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا: کتب کا تعارف اور تنقید کے متعلق نشستوں کا انعقاد ہونا چاہیے کیونکہ اس سے دینی ثقافت کے ارتقاء میں مدد ملتی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .