۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
روضہ حضرت عباس (ع) کی جانب سے ساتویں سالانہ امام باقر (ع) ثقافتی سیمینار کا انعقاد

حوزہ/ ساتویں سالانہ امام باقر ثقافتی سیمینار(الإمام الباقر عليه السلام الكَلِمُ الطّاهر والحقّ الظَّافر) کے عنوان سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امام حسن ہال میں منعقد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جشن ولادت امام باقر علیہ السلام کے پر مسرت موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے اتوار کی صبح (1 رجب 1442 ہجری) بمطابق (14 فروری ، 2021) کوساتویں سالانہ امام باقر ثقافتی سیمینار(الإمام الباقر عليه السلام الكَلِمُ الطّاهر والحقّ الظَّافر) کے عنوان سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے امام حسن ہال میں منعقد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، کورونا وبائی مرض کے باعث سیمینار میں شرکاء اور مہمانوں کی تعداد کو محدود رکھا گیا اور سیمینار میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سینئر آفیشلز، مختلف اداروں سے آئے ہوئے وفود، سکالرز، مفکرین، اعلی دینی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد شہدائے وطن کے لئے سورہ فاتحہ پڑھی گئی اور پھر بالترتیب عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ترانہ پڑھا گیا۔

اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر پروفیسر ڈاکٹر عباس رشید الموسوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے اس سیمینار کے انعقاد کا مقصد امام باقر علیہ السلام کی سیرت طیبہ، آپ علیہ السلام کی علمی و سماجی خدمات کو دنیا تک پہنچانا اور اور مصنفین اور محقیقین کو علمی طریقہ کار سےاہلیبت (عليهم السلام) کے بارے میں لکھنےکی دعوت دینا ہے۔

تصویری جھلکیاں: روضہ حضرت عباس (ع) کی جانب سے ساتویں سالانہ امام باقر (ع) ثقافتی سیمینار کا انعقاد

اس کے بعد سید محمد علی بحر العلوم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا:"اہل عراق کو ہمیشہ سے اہل بیت اور آئمہ اطہار علیہم السلام سے شدید عقیدت ہے، اور امام علی(ع) کی طرف سے کوفہ کو اپنا دار الخلافہ بنانے کے دن سے لے کر آج تک اہل عراق کا شعار یہی عقیدت ہے اور اس کی حفاظت کے لیے انہوں نے ہر آزمائش کو قبول کیا اور اس میں کامیاب رہے۔ اہل عراق رہتی دنیا تک اہل بیت کی محبت، عقیدت اور تعلیمات کو دنیا میں پھیلاتے رہیں گے۔

اس کے بعد شاعر نجاح العرسان نے حضرت امام باقر علیہ السلام کی شان میں خوبصورت اور پراثر منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا اور پھر ڈاکٹر علی کاظم المصلاوی کی زیر صدارت ریسرچ سیشن کا آغاز کیا گیا جس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

پہلی تحقیق: شیخ ڈاکٹر جابر الفاریجی : تحقیق کا عنوان / دور الإمام الباقر في تأسيس الاجتهاد الفقهيّ۔

دوسری تحقیق: شیخ محمد رضا الدكسن : تحقیق کے عنوان / لانحرافات الفكريّة ودور الإمام الباقر في عمليّة التصحيح۔

تیسری تحقیق: بابل یونیورسٹی سے ڈاکٹر امل عبد الجبار الشرع : تحقیق کا عنوان /ثر الإمام الباقر(عليه السلام) في التحصين المعرفيّ للأمّة الإسلاميّة۔

چوتھی تحقیق: جامعہ کربلا سے ڈاکٹر پروفیسر کریمہ نوماس المدنی : عنوان/ خطابات الإمام الباقر(عليه السلام).. قراءةٌ في ضوء نظريّة العقل التواصليّ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .