۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
ممبئی میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے ساتویں سالانہ ثقافتی جشن امیر المومنین(ع) کا انعقاد

حوزہ/ روضہ مبارک نے امیر المومنین علی بن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے اس مبارک محفل کے انعقاد کے ذریعے دین اسلام کے بارے میں واضح مذہبی بیداری پھیلانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مورخہ 24 ، 25 اور 26 جنوری کو امیر المومنین حضرت علی علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ممبئی کی معروف مغل مسجد میں سہ روزہ کانفرنس کا انعقاد {امیر المؤمنین(ع) ہارونِ امامت اور شاہدِ روزِ قیامت ہیں۔} اس نعرے کے تحت کیا گیا ہے۔ جو حضرت امیر علیہ السلام ، امام حسین علیہ السلام ، حضرت عباس علیہ السلام ، کاظمین کے ائمہ اطہار اور سامرا کے اماموں کے حرم کی طرف سے برگزار ہوئی ، جس کی میزبانی ایمان فاؤنڈیشن ، نجفی ہاؤس نے کی ۔اس پروگرام کا مقصد اہل بیت اطہار(ع) کی معرفت و ثقافت کو فروغ دینا ہے۔

تقریب کے پہلے روز روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قاری سید حیدر جلوخان نے تلاوت قرآن مجید سے جشن کا آغاز کیا، اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ڈاکٹر عباس ددّا موسوی نے عراق میں موجود روضات مقدسہ روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی نمائندگی کرتے ہوئے تقریب سے خطاب کیا۔ اس کے بعد مغل مسجد کے امام جماعت مولانا سید نجیب الحسن زیدی اور پھر ہندوستان میں آیت اللہ العظمی سیستانی کے وکیل مولانا سید احمد علی عابدی نے حاضرین سے خطاب کیا۔

ہاس موقع پر منعقدہ تقریب میں لداخ سے مولانا شیخ ناظر مہدی محمدی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ اہل ممبئی اس طرح کے عظیم الشان جشن کے ہندوستان میں انعقاد پر روضہ مبارک حضرت عبا(ع) کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جس نے مومنین کی دلوں میں اہل بیت(ع) کی محبت میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کے رہنے والے چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم سب کے سب اہل بیت(ع) سے محبت کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے جامعہ امیرالمؤمنین نجفی ہاؤس میں استاد مولانا شیخ احمد حسین نے کہا: روضہ مبارک نے امیر المومنین علی بن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کی مناسبت سے اس مبارک محفل کے انعقاد کے ذریعے دین اسلام کے بارے میں واضح مذہبی بیداری پھیلانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

جشن امیر المومنین(ع) کی تقریب کے ضمن میں ان تمام افراد کو متبرک تحائف دیئے گئے جن کے نام حضرت علی(ع) کے نام مبارک یا ان کے کسی لقب یا ان کی کسی صفت پر رکھے گئے ہیں، اسی طرح پہلے دن روضات مقدسہ کے گنبدوں کے علموں کو ہر روضہ مبارک کے وفد کے سربراہ کی طرف سے بلند کیا گیا اور علم کشائی کی اس تقریب کے بعد کتابی نمائش کا افتتاح کیا گیا کہ جس میں روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے اپنی منشورات کو رکھا ہے۔

اسی طرح اس وفد نے شہر کے مشہور حوزہ علمیہ جامعۃالامام امیر المومنین علیہ السلام میں اساتذہ ،طلاب و ٹرسٹیان سے بھی ملاقات کی اور اس جامعہ کے مدیر واساتذہ کی گرانقدرخدمتوں کو سراہا۔ اس کانفرنس میں شہر کے مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور تینوں دن کانفرنس کی مولانا جوہر عباس صاحب نے نظامت فرمائی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .