حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ تعلقات عامہ سے وابستہ یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کی جانب سے نجف گورنریٹ کی بغداد ٹیکنیکل یونیورسٹی اور کوفہ یونیورسٹی کے 200 طلباء کے اعزاز میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈویژن میں پروگرام کے نگران صدر پروفیسر منتظر الصافي نے الکفیل کو بتایا کہ یہ پروگرام یونیورسٹی اینڈ اسکول ریلیشنز ڈویژن کی سرگرمیوں اور طلباء کے لئے الکفیل نیشنل یوتھ پلان کا حصہ ہے اور ہم ہر سال یونیورسٹیز سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے متعدد گروپس کا روضہ مبارک میں استقبال کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "ہم نے اس موقع پر طلبا کے لئے ایک مکمل پروگرام ترتیب دیا تھا، جس میں مقامات مقدسہ کی زیارت،گریجویشن تقریب کا انعقاد، دونوں مقامات مقدسہ کے متعدد حصوں اور سیکشنز کا وزٹ اور روضہ مبارک حضرت عباس کے صحن اطہر میں یادگار فوٹو سیشن شامل تھا۔"
انہوں نے بتایا کہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اوراس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ مذہبی امور کے محمد عبد اللہ الموسوی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے جونیئرز کے لئے رول ماڈل بنیں، دینی علوم سیکھیں، اہل بیت (ع) کی سیرت و تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے لئے وسیع ترکوششیں کریں اور ہمیشہ ترقی و کامیابی کے لئے کوشاں رہیں۔
تقریب کے اختتام پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے طلباء کو تبرکات اور تحائف پیش کیے گئے۔گریجویشن تقریب کے بعد طلباء نے الکفیل میوزیم لائبریری اور روضہ مبارک کی لائبریری اور دارلمخطوطات کا دورہ کیا اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف میں لنچ کیا۔