۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ترکی کے سفیر کی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حاضری

حوزہ/ عراق میں ترکی کے سفیرعلي رضا كوني نے کہا، "عراق میں مقامات مقدسہ اہم ترین مقامات ہیں کیوں کہ ان کا تعلق آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے ہے اور میں نے یہاں ایک خاص روحانیت کو محسوس کیا ہے۔ میں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میوزیم کو بھی دیکھا ہے جو اہم تاریخی اور قیمتی نوادرات کا خزانہ ہے۔"

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عراق میں ترکی کے سفیرعلي رضا كوني نے سفارت کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے میں آج صبح روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔

مراسم زیارت کی ادائیگی کے بعد انہوں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے صحن مطہر اور دیگر حصوں اور سیکشنز کو بھی دیکھنے کا شرف حاصل کیا۔ انہوں نے الکفیل میوزیم کا دورہ بھی کیا۔

تصویری جھلکیاں:  ترکی کے سفیر کی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حاضری

ترک سفیر نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔ سیکریٹری جنرل نے انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لئے کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس ملاقات کے دوران ترک سفیر کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے زائرین اور عراقی شہریوں کو فراہم کی جانے والی اہم خدمات اور منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

اپنے دورے کے اختتام پر ترک سفیر نے اس دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا عراق میں بحیثیت ترک سفیر پہلا دورہ ہے اور ان کے لئے باعث فخر اور اعزاز ہے کہ سب سے پہلے وہ کربلا مقدسہ آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، "عراق میں مقامات مقدسہ اہم ترین مقامات ہیں کیوں کہ ان کا تعلق آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے ہے اور میں نے یہاں ایک خاص روحانیت کو محسوس کیا ہے۔ میں نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے میوزیم کو بھی دیکھا ہے جو اہم تاریخی اور قیمتی نوادرات کا خزانہ ہے۔"

انہوں نے اپنی بات کے اختتام پر کہا: "میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو روضہ مبارک کی خدمت کرتے ہیں اور میں بہت جلد یہاں زیارت کے لئے واپس آؤں گا۔"

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .