حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سینیٹ کے چیئرمین نے مشہد مقدس کے اپنے دورے میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ کی زیارت کا شرف حاصل کیا ۔
افغان سینیٹ کے چیئرمین فضل ہادی مسلم یار نے حرم مطہررضوی کی زیارت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:حضرت اما م علی رضا علیہ السلام کی زیارت کی تڑپ آج صرف شیعہ مسلمانوں تک ہی محدود نہيں ہے بلکہ بہت بڑی تعداد میں اہل سنت مسلمان بھی آستان قدس رضوی کے عاشق وشیدائی ہیں ۔
انہوں نے کہا: مجھے یہ توفیق حاصل ہوئی ہے کہ میں ایک سنی مسلمان کی حیثیت سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ کی زیارت سے مشرف ہورہاہوں اور آستان قدس رضوی کے عہدے داروں نے ہماری بہت ہی اچھی خلوص دل سے مہمان نوازی کی ۔
فضل ہادی مسلم یار نے کہا: حضرت امام علی رضا اور دیگر سبھی آئمہ طاہرین علیہم السلام کا طرز زندگی تمام مسلمانوں کے لیے نمونہ عمل اور اہمیت کا حامل ہے اور ان کی اتباع ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام رضا علیہ السلام کا مقام و مرتبہ بہت ہی بلند و بالا ہے۔
افغانستان کی سینیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ خداکا شکر ہے کہ میں آج حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ میں ہوں اور دنیا کے تمام مسلمانوں اور اپنے ہموطنوں کے لیے بہت زیادہ دعا کروں گا۔