۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
تزیین حرم امام حسین (ع) و حضرت عباس (ع)

حوزہ/ شعبان کےبا برکت اور بافضیلت مہینے کے قریب آتے ہی روضہ مبارک کے خدام نے روضہ مبارک امام حسین و حضرت عباس علیہم السلام کو اندر اور باہر سے بینروں، پھولوں اور پودوں کے ساتھ سجایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کربلا/ شعبان کےبا برکت اور بافضیلت مہینے کے قریب آتے ہی روضہ مبارک کے خدام نے روضہ مبارک امام حسین و حضرت عباس علیہم السلام کو اندر اور باہر سے بینروں، پھولوں اور پودوں کے ساتھ سجایا اور اس وقت روضہ مبارک کا ہر حصہ شعبان کی خوشیوں کی مبارک باد دیتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ذیل میں موجود تصاویر میں آپ روضہ مبارک کی تزیین و آرائش کے چند مناظر دیکھ سکتے ہیں۔

شعبان کا مہینہ اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں سے بھی بھرا ہوا ہے اہل بیت علیھم السلام کی متعدد برگزیدہ شخصیات کا جشن میلاد اور مختلف دینی مناسبات اسی مہینہ میں ہیں:

شعبان کے مہینہ کی دوسری تاریخ کو ہجرت کے دوسرے سال روزے کے وجوب کا حکم نازل ہے۔

شعبان کی تین تاریخ کو ہجرت کے چوتھے سال حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی اور ملائکہ رسول خدا(ص) کو امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد دینے کے لیے آپ(ص) کی خدمت میں حاضر ہوئے۔

چار شعبان 26 ہجری کوحضرت عباس علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔

پانچ شعبان 38 ہجری کوحضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی اور اس دن حضرت امیر المومنین علیہ السلام نے جنگ جمل فتح کی۔

گیارہ شعبان 33 ہجری کو حضرت علی اکبرعلیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔

پندرہ شعبان 255 ہجری کو حضرت امام مھدی علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔

پندرہ شعبان کی رات شب قدر کے بعد سب سے افضل ترین رات ہے اور اس میں عبادت اور دعا کا بہت زیادہ ثواب روایات میں مذکور ہے۔

خوشیوں اور روحانی کیفیات سے بھرپور اس ماحول میں اہل بیت (ع) کے چاہنے والے جوق در جوق روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں مراسیم زیارت کی ادائیگی کے لیے آرہے ہیں ۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے اور ان کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں صرف کر رہے ہیں۔

واضح رہے شعبان کے مہینہ میں انوار محمدیہ(ع) کی آمد کی خوشی میں امام حسین(ع) اور حضرت عباس(ع) کے روضہ مبارک کی جانب سے ہر سال ربیع الشہادہ ثقافتی سیمینار کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کی بہت سی تقریبات روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں منعقد ہوتی ہیں لیکن اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اس کا انعقاد نہیں کیا رہا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .