حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا سید ناظم حسین عابدی غازیپوری کی رحلت پر سربراہ تنظیم المکاتب کا تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
غم انگیز خبر موصول ہوئی کہ مولانا سید ناظم حسین عابدی صاحب غازیپوری کا طویل علالت کے بعد لکھنو میں انتقال ہو گیا۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
مولانا سید ناظم حسین صاحب مرحوم انتہائی مومن، دیندار، با اخلاق اور ملنسار تھے۔ ابتداء میں چندایت بنارس کے مکتب امامیہ میں بچوں اور بچیوں کی دینی تعلیم و تربیت کے علاوہ تبلیغی خدمات انجام دی۔ اسکے بعد ایک عرصہ تک داودپور میں مکتب امامیہ میں دینی تعلیم و تربیت اور نماز جماعت کے ساتھ ساتھ پورے علاقہ میں تبلیغی خدمات انجام دیں۔داوود پور کے بعد دریاپور اعظم گڑھ میں خدمات انجام دیں۔ مکتب کے فارغ طلاب کو تشویق فرماتے کہ اعلیٰ دینی تعلیم کے لئے مدارس علمیہ میں داخلہ لیں۔ خود آپ کی دو بیٹیاں جامعۃ الزہرا تنظیم المکاتب کی فارغ التحصیل ہیں اور ایک فرزند جامعہ امامیہ کے فارغ ہیں۔
مولانا سید ناظم حسین صاحب کو بانی تنظیم اور ادارہ تنظیم المکاتب سے خاص لگاو تھا۔ ادارہ تنظیم المکاتب کی مجلس انتظام میں نمایندہ مدرسین کی حیثیت سے دو دور رکن بھی رہے اور تیس برس سے زیادہ عرصہ تک مکاتب امامیہ میں خدمات انجام دیں۔
ہم خادمان و کارکنان ادارہ تنظیم المکاتب مولانا سید ناظم حسین صاحب کے پسماندگان، وابستگان اور شاگردان خصوصا مولانا سید محمد علی عابدی عرفان مانٹوی صاحب مبلغ جامعہ امامیہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ رحمت و مغفرت فرمائے اور جوار اہلبیت علیہم السلام میں بلند درجات عطا فرمائے۔
والسلام
سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب