حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا وسیم حیدر مرحوم کی رحلت پر حجۃ الاسلام صفی حیدر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
انتہائی افسوس ناک خبر موصول ہوئی کہ مولانا وسیم حیدرصاحب قبلہ کا انتقال ہو گیا۔
انا للہ و انا الیہ راجعون
اپنے وطن میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعدمرحوم نےاعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لئے جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں داخلہ لیا اور ممتاز الافاضل کی سند حاصل کی اور خدمت دین میں مصروف ہو گئے۔
مولانا وسیم حیدر صاحب مرحوم مادر علمی جامعہ ناظمیہ میں میرے سینیئر تھے ۔ دینداری، حسن خلق اور بے باکی آپ کا خاصہ تھا۔سب کے ساتھ محبت سے پیش آنا ، سب کا احترام کرنا انکی طبیعت میں تھا مگر انکی نگاہ میں کوئی بات غلط ہو تو پھر غضب ناک ہو جاتے تھے مگر ہمیشہ اس بات کے لئے جو انکی نگاہ میں حق ہوتا تھا آگ بگولہ ہو جاتے تھے۔ بزرگوں کے شیدائی خوردوں کے بڑے بھائی تھے۔ جلدی ناراض ہونا اور جلدی راضی ہونا انکی خوبیوں میں تھا۔ ان ہی معنیٰ میں کہ ہم سب ناراض جلدی ہوتے ہیں مگر راضی مشکل سے۔ اقدار کے محافظ تھے۔ لباس دینی و علمی کے پابند تھے غرض کہ بہت خوبیوں کے مالک تھے۔ہمارے درمیان سے روز ایسے بزرگ کم ہوتے جارہے ہیں جو اسلامی تہذیب و ثقافت کے پیکر تھے۔
مرحوم بانیٔ تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ اور تحریک دینداری کے مخلص تھے ، ادارہ تنظیم المکاتب سے خاص لگاؤ تھا۔ مکتب امامیہ ہولے نرسی پور کرناٹک میں ایک عرصہ تک پیش نماز اور مدرس رہے اور جب تبلیغی مصروفیات کے سبب تدریسی فرائض کی انجام دہی کے لئے کماحقہ وقت نہ دے سکے تب بھی مکتب سے رشتہ نہیں توڑا بلکہ آخر عمر تک بطور منتظم خدمات انجام دیتے رہے۔ان کا مزاج خدمت کرنا تھا جہاں جو ہو سکے وہ کرتے تھے۔ چاہے کوسنے سننا پڑے یا الزامات۔
مولانا وسیم حیدر صاحب کے پسماندگان ، وابستگان خصوصا سوگوار کنبہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے بارگاہ معبود میں دعا ہے اللہ رحمت و مغفرت فرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ کرامت فرمائے نیز سوگوار خانوادہ کو صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے۔
مولانا وسیم حیدر صاحب مرحوم کے علودرجات کے لئے مومنین سے سورہ فاتحہ کی گذارش ہے۔
والسلام
سید صفی حیدر زیدی، سکریٹری تنظیم المکاتب