حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلسِ علمائے امامیہ پاکستان اور سیکرٹری امورِ خارجہ ایم-ڈبلیو-ایم حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے وفد کے ہمراہ بروز جمعہ مؤرخہ 22/12/2023 کو ہیئتِ سندھ نجف اشرف کے سربراہ مولانا شیخ شوکت علی نجفی کی دعوت پر طلاب ہیئتِ سندھ نجف اشرف کے حسینیہ میں منعقد ہونے والی تقسیمِ انعامات کی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب تقسیم انعامات میں علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، میزبانوں نے آپ کو سندھی ثقافت کی اجرک پہنائی۔
تقریب کا آغاز کلامِ الہی سے کیا گیا، جس کے بعد بچوں نے جنابِ سیدہ فاطمۃ الزہرا(ع) کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوز و سلام پڑھا۔ اس کے بعد حفظ مقابلے میں شرکت کرنے والے تین بچوں سے زبانی خطبہ فدک سنا گیا۔
مقابلے کے بعد علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مختصر وقت میں خطاب کرتے ہوئے طلاب ہیئتِ سندھ نجف اشرف کے تمام مسؤولین و منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور خطبہء فدک پر روشنی ڈالی۔ آپ نے اس فصیح و بلیغ خطبے کے اہداف و مقاصد سے تمام شرکاء کو آگاہ کیا۔
بعد ازاں تقسیمِ انعامات کا سلسلہ شروع ہوا اور علامہ سید شفقت حسین شیرازی کو مدعو کیا گیا کہ جس میں آپ نے اس مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو اپنے دستِ شفقت سے انعامات تقسیم کئے۔اس تقریب کا اختتام دسترخوانِ جناب سیدہ (ع) لگا کر کیا گیا۔